شہباز بھٹی کے قاتل انسانیت کے قاتل ہیں: جی ایم ملک

مورخہ: 03 مارچ 2011ء

تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے اقلیتی امور کے وزیر شہباز بھٹی کے بیہمانہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم کرسچیئن ڈائیلاگ فورم کے چیف کوآرڈینیٹر جی ایم ملک نے کہا کہ شہباز بھٹی کے سفاکانہ قتل پر ہر پاکستانی دکھی ہے اور ہم اس پر تشدد و کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اسلام دین امن و رحمت ہے اور کسی کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں اسلام کا پیغامِ امن و سلامتی اور محبت پھیلا رہے ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غیر مسلموں کو اسلامی ریاست کے اندر برابر حقوق دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا مذموم عمل کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ ایسے عناصر انسانیت کے قاتل ہیں اور یہ وطن عزیز کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ ملک کو داخلی طور پر کمزور کرنے اور اسے معاشی طور پر مفلوج بنانے کے لیے ملک دشمن عناصر کی کارروائی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سفاکانہ قتل کے ذمہ داران کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں کو پاکستان میں برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ اس واقعہ کے بعد پاکستان کے غیر محفوظ ریاست ہونے کے تاثر کو مزید ہوا دی جائے گی۔ ہم ملک کے دشمنوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔ تحریک منہاج القرآن کی ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ کے قائمقام ڈائریکٹر حافظ غلام فرید نے کہا کہ شہباز بھٹی کے قاتل ایک فرد نہیں پوری انسانیت کے قاتل ہیں اور ایسا عمل کوئی مسلمان نہیں کرسکتا۔ مسلمانوں کے دل بھی اسی طرح دکھی ہیں جیسے مسیح بھائیوں کے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی انتہاء پسندی کو قابو کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔ احتجاجی مظاہرے سے ڈاکٹر ریورنڈ مجید ایبل، ریورنڈ چمن سردار، ڈاکٹر کنور فیروز، ڈاکٹر منوہر چاند، بشن سنگھ ، پادری انور جاوید اور دیگر مسیحی اور ہندو راہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top