منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے وفد کا دورہ طرطوسہ اور محفل میلاد النبی (ص) میں شرکت

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے وفد نے مورخہ 20 فروری 2011ء بروز ہفتہ کو طرطوسہ کا دعوتی دورہ کیا اور طرطوسہ میں منعقد ہونے والی عظیم الشان محفل میلاد میں شرکت کی اور اہلیان طرطوسہ کو منہاج القرآن کا پیغام دیا۔ وفد میں محمد نواز کیانی، علامہ عبدالرشید شریفی، حاجی زاہد اختر، محمد اقبال چودھری، نوید احمد اندلسی، حاجی ارشد محمود، محمد نواز قادری، احسن جاوید خان، خرم شبیر قادری، محمد عتیق قادری، محمد ذیشان قادری، حافظ محمد جبران اور شاہین ملک شامل تھے۔ طرطوسہ پہنچنے پر مسجد کمیٹی کے چیئرمین غلام دستگیر بٹ اور ان کے رفقاء کی طرف سے وفد کا استقبال کیا گیا۔

عشاء کی نماز کے بعد طرطوسہ مسجد کمیٹی کے زیراہتمام مسجد الفتح میں سالانہ محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں اہلیان طرطوسہ نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد اعجاز نے حاصل کی۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کے حافظ محمد عاطف اور محمد عتیق کے علاوہ مقامی نعت خواں حضرات نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ مسجد کمیٹی کی دعوت پر بارسلونا سے تشریف لانے والے ڈاکٹر احسان محمد، یونان سے ڈاکٹر نثار قادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے امیر علامہ عبدالرشید شریفی نے میلاد النبی اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوعات پر خطاب کیا۔

منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چودھری نے منہاج القرآن کے اغراض ومقاصد اور سپین میں قیام کی مختص تاریخ بیان کی، انہوں نے حاضرین کی طرف سے مختلف سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ اس موقع پر محمد شکیل خان، امجدخان، ملک محمد اشرف اعوان، ملک سجاد سرور اور قاری محمد اعجاز نے منہاج القرآن میں شامل ہونے کا اعلان کیا جبکہ غلام دستگیر بٹ، سید اجمل شاہ اور بابر حسین مدنی پہلے ہی منہاج القرآن کی ممبر شپ حاصل کر چکے ہیں۔ مشاورت کے بعد غلام دستگیر بٹ کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے کوآرڈینیٹر برائے طرطوسہ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا۔

مورخہ 27  فروری 2011  بروز اتوار کو مسجد کمیٹی طرطوسہ کے دفتر میں ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میں طرطوسہ کی پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں چیئرمین مسجد کمیٹی غلام دستگیر بٹ، محمد اشرف اعوان، قاری اعجاز، سید اجمل شاہ، سلیم گورائیہ اور سید اکمل شاہ شامل تھے۔ میٹنگ میں منہاج القرآن کی نمائندگی محمد نواز کیانی (سرپرست)، نوید احمد اندلسی (سیکرٹری جنرل)، محمد اقبال چودھری (صدر منہاج مصالحتی کونسل) اور محمد نواز قادری (ناظم مالیات) نے کی۔ جنہوں نے تحریک منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی خدمات، سپین میں منہاج القرآن کے قیام اور مختلف مراکز میں جاری علمی، تدریسی، فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف سوالات کے جواب دیئے۔

محمد اقبال چودھری نے بتایا کہ جلد ہی طرطوسہ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیم کے قیام کا اعلان کیا جائے گا جس کا بنیادی مقصد مسلمان اور بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کے لئے ایک ایسا مرکز قائم کرنا ہوگا جو ان کے لئے دینی فرائض کی ادائیگی علاوہ نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ کرنے کا ذریعہ بن سکے، اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے آپ سب کو منہاج القرآن میں شامل ہونے کی دعوت دی جاتی ہے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top