واگ پاکستان برانچ کی ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب

مؤرخہ 23 فروری 2011ء کو واگ پاکستان برانچ کے چیئرمین صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے واگ پاکستان برانچ کی ویب سائٹ [http://www.waag-azhar-pk.org] کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے ویب سائٹ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واگ پاکستان برانچ کی ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آپ نے ویب سائٹ کی نمایاں خصوصیات بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ ویب سائٹ آغاز میں ہی تین زبانوں - عربی، انگریزی اور اردو - میں لانچ کی گئی ہے۔ یہ ویب سائٹ واگ جامعہ ازہر کی بھی بھرپور نمائندگی کرتی ہے اور پاکستان برانچ کی تمام سرگرمیوں کا بھی کامل احاطہ کرتی ہے۔ آپ نے بتایا کہ جلد ہی واگ پاکستان برانچ کا نمائندہ سہ ماہی علمی و تحقیقی مجلہ دعوۃ الازہر تین زبانوں - عربی، انگریزی اور اردو - میں شائع ہو جائے گا۔ آپ نے یہ بھی بتایا کہ شیخ الازہر پروفیسر ڈاکٹر احمد محمد احمد الطیب، ڈاکٹر محمد عبد الفضیل القوصی وائس چیئرمین واگ اور شیخ اسامہ یاسین وائس چیئرمین برائے انتظامی امور واگ اس کی پاکستان برانچ کی کارکردگی سے نہایت مطمئن ہیں۔ واگ پاکستان برانچ ہر مکتب فکر میں قبول عام حاصل کر رہی ہے اور تمام حلقوں سے لوگ اس کی رکنیت اختیار کر رہے ہیں۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر نہایت علمی گفتگو فرماتے ہوئے الازہری (فضلائے جامعہ ازہر)، منہاجین (فضلائے منہاج یونی ورسٹی) اور المحمدی کی اِصطلاحات کی نادر تفصیلات بیان فرمائیں اور ان کی منفرد خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ الازہری اور منہاجین کو ہمیشہ آگے بڑھنے کے سفر میں اُس منزل کے حصول کے لیے کوشش کرنی چاہیے جو انہیں المحمدی بنا سکے اور ان کا مطمح نظر ہی المحمدی بننا ہونا چاہیے۔ اس موقع پر آپ نے اپنا خصوصی کلام بھی سنایا جسے حاضرین نے بہت سراہا۔

ویب سائٹ کے افتتاحی پروگرام کی اس تقریب میں شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام، مفتی اعظم مفتی عبد القیوم خان ہزاروی، پنجاب یونی ورسٹی کے شعبہ عربی کے سربراہ ڈاکٹر خالق داد ملک، سہ ماہی معین الاسلام کے مدیر اعلیٰ پروفیسر محمد نصر اﷲ معینی اور کثیر ازہریین نے شرکت کی جن میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر الازہری، منہاج یونی ورسٹی کے کالج آف شریعہ کے وائس پرنسپل (اکیڈمک) ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری، واگ پاکستان برانچ کے ڈائریکٹر شفاقت علی بغدادی الازہری، محمد عثمان الازہری، محمد حامد الازہری، قاری محمد اشتیاق الازہری، دعوۃ الازہر کے اسسٹنٹ منیجر محمد فاروق رانا شامل ہیں۔ نیز منہاج یونی ورسٹی کے اسٹاف اور طلباء نے بھی بھرپور شرکت کی۔ آخر میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے سب حاضرین کے ساتھ مل کر شیخ الاسلام مدظلہ کی ٦٠ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام نے شیخ الاسلام مدظلہ کی درازیِ عمر اور صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top