تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 10 روالپنڈی کے زیراہتمام حلقہ درود
ماہ ربیع الثانی کی آمد پر تحریک منہاج القرآن یونین کونسل مغل آباد حلقہ پی پی 10 راولپنڈی کے زیراہتمام حلقہ درود کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت صدر تحریک منہاج القرآن مغل آباد طاہر محمود ندیم نے کی۔ حلقہ درود کا اہتمام محمد زاہد (ناظم دعوت حلقہ پی پی 10) کے گھر میں کیا گیا۔ جس میں اہل محلہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، جس کی سعادت حافظ محمد خرم شہزاد نے حاصل کی جبکہ محمد نبیل نے بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر حلقہ درود میں حاضرین نے 5 ہزار مرتبہ درود پاک کا نذرانہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا۔ حلقہ درود میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری محمد اشتیاق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور ادب کے بغیر کی جانے والی عبادت بھی اللہ تعالی کی پاک بارگاہ میں قبول نہیں ہوتی۔ درود شریف کا تعلق عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہے اور درود پاک پڑھنا وہ واحد عمل اور عبادت ہے جو اللہ پاک کی بارگاہ میں قطعی القبول ہے۔ منہاج القرآن کے حلقہ جات درود عالم اسلام میں روحانی انقلا ب کی بنیاد ہیں۔ اس سے نہ صرف گھر میں برکت بلکہ رزق میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
اس نشست میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ویڈیوخطاب بھی دکھایا گیا۔ آخر میں محمد اشتیاق نے ملکی سلامتی، خوشحالی اور مشن کی ترقی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔
رپورٹ : محمد اشتیاق
تبصرہ