عوام کی الجھنوں کا تدارک نہ کیا گیا تو افراد کی ٹوٹ پھوٹ معاشرے کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دے گی: سمیرا رفاقت
منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ سمیرا رفاقت نے بجلی کی قیمت، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ ملک کو لوٹ رہی ہے۔ عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہو رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت عوام کو ذہنی معذور بنا رہی ہے جس سے خودکشیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا اگر عوام کا یہی حال رہا تو یہ بہت خطرناک حالات کا پیش خیمہ ہے حکومت ایسے مضبوط اور مثبت اقدامات اٹھائے جس سے عوام کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کی رسہ کشی اور ذاتی مفادات کے کھیل نے عوام کے مفادات کو پس پشت ڈال رکھا ہے جس سے عوام کے حقوق کا استحصال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں سب سے زیادہ خواتین کا طبقہ متاثر ہو رہا ہے ۔ خواتین کے متاثر ہونے کی وجہ سے گھروں کے حالات بگڑ رہے ہیں۔ معاشرے کے بنیادی یونٹ گھر اور فیملی سسٹم کی بربادی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت کا نتیجہ ہے۔ معاشی بوجھ بڑھنے سے گھروں میں آرام و سکون ختم ہوتا جا رہا ہے ۔ذہنی انتشار اور تلخیوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو کسی بھی طرح معاشرے کیلئے سود مند نہیں ہے اگر عوام کی الجھنوں کا تدارک نہ کیا گیا تو افراد کی ٹوٹ پھوٹ معاشرے کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دے گی۔ معاشرے کی بنیادیں مضبوط نہ ہونا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
تبصرہ