امت مسلمہ نے اپنے اسلاف کے راستے کو ترک کر کے ذلت و رسوائی کو اپنا مقدر بنا لیا ہے: احمد نواز انجم
تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اتحاد اور یکجہتی کا دامن تھام کر علم کے فروغ کو اپنی پہلی ترجیح بنا لے تو کوئی وجہ نہیں کہ اس کا زوال عروج میں نہ بدل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اغیار نے اسلام کے سنہرے اصولوں پر عمل کرکے معاشی، سائنسی ترقی اور سیاسی استحکام حاصل کرلیا مگر امت مسلمہ نے اپنے اسلاف کے راستے کو ترک کر کے ذلت و رسوائی کو اپنا مقدر بنا لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امت وسائل کی فروانی اور بہترین ذہنیت کی حامل ہنر مند افرادی قوت کے باوجود سیاسی اور معاشی قوت صرف اس لیے نہیں بن سکی کہ اسلامی ممالک کے حکمران ذاتی مفادات کے خول میں بند ہیں۔ احمد نواز انجم نے کہا کہ اس وقت اسلام کی سیاسی قوت کمزور اور منتشر ہے اس لیے پوری دنیا میں مسلمان عدم تحفظ کے شدید احساس کے ساتھ رہنے پر مجبور بنا دیئے گئے ہیں۔ او آئی سی کا کردار غلامانہ ہے اور کشمیر، فلسطین، افغانستان اور عراق مسلمانوں کی بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں موثر اسلامی ممالک کے سربراہان امت کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے بیٹھیں اور حکمت کے ساتھ ایسی پالیسیاں تشکیل دیں جن کے باعث آنے والی مسلمان نسلوں کا مستقبل باوقار بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم حکمران موجودہ روش سے تائب نہ ہوئے تو اسلام کے معاشی اور سیاسی عروج کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔
تبصرہ