کراچی میں ٹارگٹ کلنگ لسانی، علاقائی، اور سیاسی بنیادوں پر فسادات کو ہوا دینے کی گھناؤنی سازش ہے: فیض الرحمن درانی

مورخہ: 11 مارچ 2011ء

انتہا پسندی، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے حکومت سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھائے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمان درانی کی وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمان درانی نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور جلاؤ گھیراؤ کے حالیہ واقعات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افسوسناک واقعات کا تسلسل پاکستان کو غیر مستحکم کرنے، صوبائی عصبیت کو جنم دینے اور مذہبی و سیاسی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ ملک میں لسانی، علاقائی، اور سیاسی بنیادوں پر فسادات کو ہوا دینے کی گھناؤنی سازش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کیلئے حکومت انتہائی سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھائے تاکہ عوام میں پائے جانیوالے عدم تحفظ کے شدید احسا س کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر چوہدری افضل گجر، جواد حامد اور حافظ غلام فرید بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور اور فیصل آباد میں ہونیوالے بم دھماکے اور کراچی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال وفاقی اور صوبائی حکومتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ دہشت پھیلانے والے ایسے مٹھی بھر درندوں سے نبٹنے کیلئے عوام کو بھی باہوش رہ کر اردگرد پر نظر رکھنا ہو گی۔ دہشت گردی کی خونی لہروں کے آگے بند باندھنے کیلئے ضروری ہے کہ انفرادی اور اجتماعی سطح موثر اور منظم کاوشیں کی جائیں۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی سے جنم لینے والی دہشت گردی کے خلاف فکری طور پر مضبوط ہو کر جنگ لڑنا ہو گی اور آنیوالی نسلوں کو پرامن ماحول دینے کیلئے ہمیں بطور قوم دہشت گردی کے خاتمے کا چیلنج قبول کرنا ہو گا اور حکمت و جرات اور ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ دہشت گردی کے عفریت کو ابدی موت دینا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top