منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام میلاد النبی صلی الہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام مورخہ 26 فرروری 2011ء بروز ہفتہ کو Bispevej سنٹر میں عظیم الشان محفل میلاد منعقد ہوئی۔ ڈنمارک کی سرزمین پر یہ پہلا موقع تھا کہ مسلمانوں کی جانب سے کسی سنٹر کی اتنی زیادہ تزئین و آرائش اور چراغاں کیا گیا تھا۔ کانفرنس کی خصوصیت یہ تھی کہ یہ اردو، انگریزی اور ڈینش زبان میں جاری رہی۔ کانفرنس میں برطانیہ سے علامہ سہیل احمد صدیقی، علامہ حفیظ الرحمن غزالی اور مشہور نعت خوان میلاد رضا قادری نے خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز قاری ندیم اختر نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ محمد حسین شاہ، محمد جمیل اور اعجاز قادری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کانفرنس کی نقابت علامہ محمد اویس قادری نے کی۔ برطانیہ سے تشریف لائے مہمان نعت خوان میلاد رضا قادری نے اپنے مخصوص انداز میں سرکار دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا جس سے کانفرنس کے تمام شرکاء پر عشق ومستی کی کیفیت طاری ہو گئی۔ کانفرنس میں Bispeve سنٹر کی ایک ننھی طالبہ نے سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ندیم عاصم نے سیر ت کے موضوع پر ڈینش زبان میں تقریر کی۔

برطانیہ سے آئے مہمان سکالر علامہ حفیظ الرحمن غزالی نے نہایت پرجوش انداز میں میلاد مصطفی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد، اور کانفرنس کے مہمان خصوصی علامہ سہیل احمد صدیقی نے اردو، انگلش زبان میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر انتہائی مدلل اور پرمغز خطاب کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر علامہ سید محمود شاہ نے مہمان گرامی اور جملہ شرکائے کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کی اختتامی دعا علامہ سہیل احمد صدیقی نے کی اور آخر میں شرکائے محفل کی ضیافت میلاد سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ: فیض رسول

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top