منہاج القرآن انٹرنیشنل (ناگویا) جاپان کے زیراہتمام مرکزی محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل (ناگویا) جاپان کے زیراہتمام مورخہ 27 فروری 2011 بروز اتوار بعد نماز عشاء پوٹ میسے ہال ناگویا میں عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس کی صدارت منہاج ایشیئن کونسل کے صدر علی عمران نے کی، دیگر مہمانوں میں منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر سلیم احمد خان، سیکرٹری جنرل حافظ محمد یعقوب، حافظ عبدالمصطفیٰ شاہین (صدر منہاج القرآن ناگویا)، اعجاز کیانی، خالد علی، محمد عرفان، راجہ ظہور اور نعیم کیانی کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں خصوصی خطاب منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عظیم سکالر علامہ شکیل احمد ثانی نے کیا۔

محفل کا باقاعدہ آغاز جاپانی مسلم محمد اوش نے قرآن مجید کی آیات بینات سے کیا۔ محمد طارق، فیصل قادری اور جاوید سجن نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج القرآن ناگویا کے صدر علامہ حافظ عبدالمصطفیٰ شاہین نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں محفل میلاد کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ منہاج ایشیئن کونسل کے صدر علی عمران نے اپنے خطاب میں منہاج القرآن کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ واحد تحریک ہے جو اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں امت مسلمہ کے تشخص کو اجاگر کرنے اور گنبد خضراء کے مکین سے تعلق استوار کرنے کی طرف گامزن ہے۔

پاکستان سے تشریف لائے عظیم نوجوان سکالر علامہ شکیل احمد ثانی نے اپنے خصوصی خطاب میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو شایان شان طریقہ سے منانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنے گھروں اور نجی معاملات میں ملنے والی معمولی کامیابی پر خوشی مناتے ہیں جبکہ آقائے دوجہاں صلی اللہ کی ولادت پوری کائنات کے لئے رحمت ہے لہذا آپ کی ولادت مبارکہ پر خوشی منانا قرآن وحدیث کی رو سے جائز ہے، کیونکہ اگر ایک غیر مسلم کو آپ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں لونڈی آزاد کرنے کی وجہ سے عذاب میں تخفیف ہوتی ہے تو مسلمانوں کو تو اس پر خوشی منانے پر زیادہ اجر اور ثواب ملے گا۔

حاضرین محفل نے علامہ شکیل احمد ثانی کے خطاب کے بعد اجتماعی طور پر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگا میں درود وسلام پیش کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر سلیم احمد خان نے انتہائی پر سوز انداز میں اختتامی دعا کرائی۔ محفل کے اختتام پر شرکائے محفل کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: علی عمران

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top