پاکستان کے بد تر حالات میں کلیدی کردار تعلیم دشمن پالیسیوں کا ہے۔ ایس ایم ظفر
تربیت اور تعلیم کا حسین امتزاج ہی تعلیمی اداروں کو موثر کردار
ادا کرنے کے قابل بناتا ہے
منہاج ایجوکیشن بورڈ سالانہ امتحان برائے 2011ء کے رزلٹ کا اعلان کل کرے گا
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین ایس ایم ظفر نے کہا ہے کہ منہاج ایجوکیشن بورڈ سالانہ امتحان برائے 2011ء کے رزلٹ کا اعلان کل (سوموار) کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اچھا نظام تعلیم قوموں کے عروج میں بنیادی کردار کا حامل ہوتا ہے، پاکستان کے بدتر حالات میں کلیدی کردار تعلیم دشمن پالیسیوں کا رہا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تعلیم کے شعبہ میں جو خدمات انجام دی ہیں وہ بلاشبہ پاکستان کی تاریخ میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے مسئلے کے حل کیلئے عملی کام کو آگے بڑھایا ہے۔ تاریخ ان کے اس کردار کو ہمیشہ خراج تحسین پیش کرتی رہے گی۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی نے ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ میں جس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اسکا منہ بولتا ثبوت ملک بھر میں سینکڑوں تعلیمی ادارے ہیں جہاں معیاری تعلیم دے کر اگلی نسلوں کو آنیوالے چیلنجز کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔ وہ گذشتہ روز منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالے خصوصی اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شاہد لطیف، کنٹرولر امتحانات سیف اللہ بھٹی، مشتاق احمد، اقبال ڈوگر، علی وقار اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ایس ایم ظفر نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہی ملک میں مثبت تبدیلی کا باعث ہو سکتا ہے۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں جدید انداز اختیار کیا ہے۔ ملک بھر میں 572 سکولوں میں امتحانات کا کامیاب انعقاد کرنا منہاج ایجوکیشن بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق کا شعور ملکوں کی تقدیر بدلنے میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور یہ معیاری تعلیم کے فروغ سے ہی ممکن ہے اسکے ساتھ تربیت کا مربوط نظام بھی ناگزیر ہے۔ تربیت اور تعلیم کا حسین امتزاج ہی تعلیمی اداروں کو موثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ میں اضافہ کر کے قومی سطح پر تعلیمی پالیسی کو از سر نو بنانا ہو گا۔
تبصرہ