دنیا کا کوئی قانون انبیائے کرام اور الوہی کتابوں کی توہین کی قطعاً اجازت نہیں دیتا۔ جی ایم ملک

مورخہ: 24 مارچ 2011ء

انسانی حقوق کے عالمی ادارے OICاور یو این او اس اقدام پر ایکشن لیں۔حافظ غلام فرید
بین المذاہب رواداری،برداشت اور انسانی احترام کے رویوں کو اس اقدام سے شدید نقصان پہنچا
قرآن پاک جلانے کے مذموم اقدام کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ

ڈائریکٹوریٹ آف انٹر فیتھ ریلیشنز تحریک منہاج القرآن اور نیشنل کونسل برائے بین المذاہب ڈائیلاگ (NCID) کے زیراہتمام امریکی ریاست فلوریڈا کے چرچ میں پادری ٹیری جونز اور پادری وین سپ کی طرف سے قرآن پاک جلانے کے مذموم اقدام کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مسلم کرسچن ڈائیلاگ فورم کے کوآرڈینیٹر جی ایم ملک، فادر ندیم، حافظ غلام فرید، چوہدری محمد افضل گجر اور طیب ضیاء نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی ایم ملک نے کہا کہ پادریوں نے مذموم عمل کر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اس مذموم فعل کو روکنے کیلئے پہلے صدر اوباما کو خط لکھا تھا جس کے بعد یہ عمل رک گیا تھا دنیا کا کوئی قانون انبیائے کرام اور الوہی کتابوں کی توہین کی قطعاً اجازت نہیں دیتا۔ قرآن حکیم کا نسخہ جلا کر انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی گئیں ہیں۔ دونوں پادریوں نے دہشت گردوں کے ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے جو قابل مذمت ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی ادارے OIC اور یو این او اس اقدام پر ایکشن لیں تاکہ آئندہ ایسی مذموم جسارت کرنے کی کسی کو جرات نہ ہو۔ انٹر فیتھ ریلیشنز تحریک منہاج القرآن کے ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ غلام فرید نے کہا کہ بین المذاہب رواداری، برداشت اور انسانی احترام کے رویوں کو اس اقدام سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ انسانی حقوق کے اداروں اور UNO کو اس قبیح فعل پر ایکشن لے کر ایسا مذموم اقدام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں حضرت مریم علیہا السلام، حضرت عیسیٰ  علیہ السلام اور انبیاء بنی اسرائیل کا بکثرت ذکر آیا ہے جبکہ حضرت مریم اور مختلف انبیاء کے ناموں پر قرآنی سورتیں ہیں لہذا مذکورہ پادریوں نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور انکی والدہ محترمہ اور ان کے خاندان کے ذکر پر مبنی بیانات کو خود اپنے ہاتھوں سے جلایا ہے، اس لئے یہ مذہب کے نام پر بد نما دھبہ ہیں جن کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ فادر ندیم فرانسس نے کہا کہ یہ ایک غیر انسانی اور جنونی اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان کی مسیحی برادری امریکی پادریوں کی شدید مذمت کرتی ہے ایسے اقدامات سے بین المذاہب رواداری اور احترام انسانیت کی کاوشوں کو نقصان پہنچا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top