منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے زیراہتمام میلاد مصطفیٰ کانفرنس
منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا اور مسی سگا مسلم کیمونٹی سنٹر کینیڈا کے زیراہتمام 3 اپریل 2011ء کو ایئر پورٹ روڈ پر واقع انٹرنیشنل کنونشن سنٹر ٹورانٹو کینیڈا میں عظیم الشان میلاد مصطفیٰ کانفرس منعقد ہوئی۔ جس میں کینیڈا کے علاوہ نارتھ امریکہ اور یو کے سے ہزار ہا مرد و خواتین نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی جبکہ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ حماد مصطفیٰ القادری، شیخ فیصل عبدالرزاق، یوکے سے آئے ہوئے اسلامک اسکالر علامہ صادق قریشی، علامہ محمد احمد اعوان، اس کے علاوہ مقامی شیوخ، اسلامک اسکالرز، اور علماء کرام نے خصوصی شرکت کی۔
میلاد کانفرنس کا باقاعدہ آغاز دن دو بجے ہوا، اس موقع پر قاری محمد شفیق نعیمی نے لحن داؤدی سے تلاوت کلام کا شرف حاصل کیا۔ اس کے بعد ولید ہلال اور جاوید اقبال چوہدری نے بارگاہ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گل ہائے عقیدت پیش کیے، جس نے پروگرام میں شریک ہزار ہا عشاقان مصطفیٰ کی روحانی ترو تازگی میں ایک عجیب سماں پیدا کر دیا۔ پروگرام میں صاحبزادہ حماد مصطفیٰ القادری نے عربی لہجے میں قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔
محفل میں نقابت کے فرائض یوکے سے آئے ہوئے سکالر علامہ صادق قریشی الازہری نے سر انجام دیئے۔ آپ نے اپنے جوش اور ولولے کے ساتھ ہال میں عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو لمحہ بہ لمحہ محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سوئے گنبد خضریٰ کا پیغام دیا اور چار ہزار کے اس اجتماع میں عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چنگاری روشن کر دی۔
منہاج القرآن کینیڈا کے صدر زاہد سراج صاحب نے جملہ شرکاء محفل کو خوش آمدید کہا۔
صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے محفل کے انعقاد اور کامل اتباع و محبت پر انگلش زبان میں انتہائی مدلل گفتگو کی جس سے تمام حاضرین پر عشق ومستی کی ایک عجیب کیفیت طاری ہوگئی۔
3:30 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ ہال میں تشریف لائے تو آپ کا بھرپور نعروں سے استقبال کیا گیا۔
آپ نے اڑھائی گھنٹے حاضریں سے خطاب کیا جس میں آپ نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کے حوالے سے گفتگو فرمائی۔ آپ نے کہا کہ حضور نبی اکرم کی ذات اقدس تمام انسانیت حتی کہ جن اور حیوانات کے لیے بھی رحمت اور رہبر بن کر تشریف لائے، جس کو جو بھی ملا اس کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے در سے ہی ملا، آپ نے مزید فرمایا کہ اسلام دین امن کا نام ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات محبت، امن، سلامتی، اور علم پر مبنی ہیں۔ آپ کی ذات اقدس نے انسان تو انسان حیوانات کے ساتھ کیسا سلوک کیا جائے اس کی بھی تعلیمات دیں۔ آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس دعا اور پیغام کے ساتھ رخصت کیا کہ وہ آج اس دن کی رفاقت کو اپنی زندگیوں میں عملی تبدیلی کا پہلا قدم جان کر آئندہ زندگی ایسے گزاریں کہ زمین پر چلتے پھرتے ان کے کردار سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امتی ہونے کا تاثر نمایاں دکھائی دے۔
یہ پروگرام ہال میں نصب دو بڑی اسکرین کے ذریعے دیکھایا گیا۔ اس کے علاوہ بذریعہ انٹرنیٹ کینیڈا سمیت یورپ، امریکہ، پاکستان اور دیگر ممالک میں لائیو دیکھا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درود و سلام اور دعا سے ہوا۔ آخر میں تمام شرکاء محفل کے لئے ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا۔
تبصرہ