مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر HEC کی تحلیل اور اسے صوبوں کو منتقلی کے خلاف مظاہرہ

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر HEC کی تحلیل اور صوبہ جات میں منتقلی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے سینکڑوں اساتذہ اور طلبہ نے حصہ لیا۔ طلبہ نے HEC کی تحلیل اور اسے صوبوں کے حوالے کرنے کے فیصلے کے خلاف بینرز اورکتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے کی قیادت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین نے کی جبکہ اس موقع پر سنیئر نائب صدر MSM ساجد ندیم گوندل، محمد صدیق جان، حافظ رمضان نیازی، علی رضا، محمد انعام مصطفوی اور دیگر طلبہ قائدین بھی موجود تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تجمل حسین نے کہا کہ HEC کو صوبوں کے حوالے کرنا ظلم ہے۔ ایسا فیصلہ ملکی تاریخ میں تعلیم کے شعبہ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم دشمن سیاستدان HEC جیسے ادارے پر کاری ضرب لگا کر ملک میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کے جس مذموم مشن پر ہیں اسے طلبہ مل کر ناکام بنا دیں گے۔ ان اقدام سے عالمی سطح پر پاکستان کے تعلیمی اداروں پر بڑھنے والا اعتماد بری طرح مجروح ہو گا۔ چاہیے تو یہ تھا کہ حکومت HEC کے دائرہ اختیارات میں اضافہ کر کے اسے مزید مضبوط اور فعال کرتی، اسے تحلیل کر کے پاکستان میں رہی سہی تعلیم کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔ بیرون ملک یونیورسٹیز میں ذہین طلبہ کے پڑھنے کا عمل بھی بری طرح متاثر ہوگا۔  HEC جیسے ادارے کا سیاسی بنیادوں پر قتل عام کرنے سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم بھی سیاسی مصلحتوں اور مداخلت کا شکار ہو کر تباہ ہو جائے گی۔ اس لئے طلبہ پاکستان کے وقار کی علامت بننے والے ادارے کے خلاف اس سازش کو کبھی کامیاب نہ ہونے دیں گے۔

ساجد ندیم گوندل نے کہا کہ حکومتیں تو اداروں کو مضبوط بناتی ہیں مگر پاکستان کے نام نہاد سیاستدان تعلیم کے شعبہ میں ایک مضبوط اور متحرک ادارے کو اس لئے ختم کر رہے ہیں کہ اس نے جعلی ڈگریوں کے ایشو پر کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے عوام دشمن جاہل سیاستدانوں کو بے نقاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے باعث پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کا مستقبل روشن ہے۔ پاکستان کو موجودہ سیاسی مقتدر طبقہ جاگیرداروں، وڈیروں، صنعت کاروں اور ریاستی اداروں کے طفیلیوں پر مشتمل ہے اور یہی وہ لوگ ہیں جو پاکستان کے تمام وسائل پر خود قابض رہنا چاہتے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بند کر کے دراصل درمیانے طبقے کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات سے محروم کرنے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top