آغوش کے بچوں کی سالگرہ کی اجتماعی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت مورخہ 4 اپریل 2011ء بروز پیر کو آغوش کے ہونہار بچوں کی ایک شاندار طریقے سے سالگرہ منائی گئی جس میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری، ڈائریکٹر فارن افیئر راجہ جمیل اجمل، UK سے تشریف لائے ہوئے حافظ محمد اقبال، طاہر بھٹی اور روزنامہ جنگ کے سینئر صحافی ارشاد عارف کے علاوہ دیگر مہمان بھی شامل تھے۔

یہ سالگرہ نہ صرف بچوں کی خوشی کیلئے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کیلئے منائی گئی اور بچوں کو گھر جیسے ماحول فراہم کرنے کے لیے ان کی سالگرہ کی شاندار اور پروقار تقریب K.F.C ہوٹل میں منائی گئی۔

ہر تین ماہ کے بعد آغوش میں سالگرہ کی یہ اجتماعی تقریب منائی جاتی ہے لیکن اس بار یہ تقریب KFC ہوٹل میں رکھی گئی۔ یہ پروگرام اپنی نوعیت کا ایک انوکھا پروگرام تھا جس سے بچوں میں تحریک منہاج القرآن سے متحد ہونے کا جوش و جذبہ کمال کو پہنچا ہے۔ گذشتہ چار ماہ یعنی یکم جنوری سے 14 اپریل تک تقریباً 12 بچوں جن میں رضوان اقبال، شعیب، اسامہ شریف، عمر حبیب، محمد شفیق، خالد اشرف، فاروق رضا، جنید مصطفی، حیدر علی، زبیر سلطان، شوال احمد، شہریار شامل ہیں ان سب کی اجتماعی سالگرہ ایک ہی دن منائی گئی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا، قرآن پاک کی تلاوت کا شرف آغوش کے طالبعلم حافظ محمد طارق نے حاصل کیا۔ اس کے بعد نعتیہ کلام محمد آفتاب نے پیش کیا۔

19 فروری 2011ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ پورے ملک اور دنیا میں تحریک کے رفقاء و وابستگان نے بڑے جوش و خروش سے منائی گئی تھی۔ اس حوالے سے آغوش کے بچوں کے جذبات کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کے جذبات کا اظہار آغوش کے ایک ہونہار طالب علم حافظ محمد ارشاد نے کیا۔

اس کے بعد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخارشاہ بخاری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنے استقبالیہ کلمات میں آغوش اور منہاج ویلفیئر کی خدمات کا تعارف کروایا جس سے ہال ایک دفعہ تالیوں سے گونج اٹھا۔ اس کے بعد K.F.C کی انتظامیہ کی طرف سے بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کھیلوں اور میجک شو کا انتظام کیا گیا تھا جس کو بچوں نے بہت سراہا۔ شو میں ایک بہت ہی مایہ ناز میجیشن نے بڑے حیران کن کرتب دکھائے جن کو دیکھ کر بچے حیران بھی ہوئے اور ہر کرتب دیکھنے کے بعد ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔ بعد ازاں گیموں کا مقابلہ ہوا جس میں آدھے بچوں نے میوزک چیئر میں حصہ لیا، اس میں ونر محمد عمر حبیب رہے۔ اس کے بعد گنتی ایک سانس میں گننے کا مقابلہ ہوا جس میں حافظ محمد سیاب نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان دونوں ونرز کو ایک ایک ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔

میجک شو کے بعد آغوش کے 12 ہونہار طالبعلموں نے مہمانوں کی موجودگی میں اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا اس کے بعد بچوں اور مہمانوں کی تواضع کھانے سے کی جس سے بچے خوب لطف اندوز ہوئے۔ کھانے کے بعد جنگ نیوز کے ایک سینئر صحافی ارشاد عارف نے بچوں کے سوالات کے جوابات بھی دیئے جو سیاسی حوالے اور خاص طور پر ریمنڈ ڈیوس کے متعلق تھے۔ انہوں نے حکمرانوں کو بے وقوف اور دوسروں کے در کا فقیر قرار دیتے ہوئے بچوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔ پھر اسی مرحلہ میں بچوں کو گفٹ دیے گئے، خاص طور پر اس خوشی کے موقع آغوش کے چار بچوں کو قرآن پاک حفظ کرنے کی خوشی میں طاہر بھٹی کی طرف سے ڈیجیٹل قرآن پاک گفٹ دیئے گئے۔ ان خوش نصیب طالبعلموں میں محمد شفیق، محمد طارق، محمد عرفان اور محمد فاروق رضا شامل تھے اور ساتھ ہی K.F.C انتظامیہ کی طرف سے بچوں کو چھوٹے چھوٹے گفٹ ملے۔

اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے آغوش کے بچوں، انتظامیہ، مرکزی قائدین اور K.F.C انتظامیہ کو بار ہا مبارکباد دی۔ پروگرام کا اختتام U.K سے تشریف لائے ہوئے حافظ اقبال کی دعائے خیر سے ہوا۔

رپورٹ : صفدر عباس

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top