گوجرخان میں پانچویں عظیم الشان میلاد مصطفی کانفرنس

مورخہ: 27 مارچ 2011ء

منہاج تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ مانکیالہ مسلم گوجر خان کے زیر اہتمام مورخہ 27 مارچ 2011ء کو پانچویں سالانہ عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت پیر سید صدیق حسین شاہ نے کی۔ محفل میں علاقہ کی معروف، معزز اور مقتدر شخصیات راجہ افتخار حسین بھٹی (ناظم یونین کونسل مانکیالہ)، ڈی ایس پی (ر) عبدالعزیز بھٹی، پروفیسر صاحبزادہ راشد مسعود کلیامی، علامہ محمد صفدر عثمانی (خطیب جامع مسجد مانکیالہ مسلم) اور چودھری محمد ضمیر نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جبکہ منہاج تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ مانکیالہ کے بچوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور سے تشریف لائے مہمان نعت خواں حیدری برادران نے اپنے مخصوص انداز میں دف کے ساتھ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جس سے پوری محفل پر ایک روحانی کیف طاری ہوگئی۔

نظامت دعوت کے نائب ناظم علامہ رانا نفیس حسین قادری نے محبت و ادب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر انتہائی احسن اور بلیغ انداز میں خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن شیخ الاسلام کی سرپرستی میں پوری دنیا میں علمی، فکری، روحانی اور انقلابی حوالوں سے جو خدمات سرانجام دے رہی ہے اسے ہر جگہ اور ہر سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو اللہ رب العزت نے رحمت کائنات کی نگاہ عنائت سے خدمت دین کے لئے جن صلاحیتوں سے نوازا ہے وہ آپ کے ترجمہ قرآن ’’عرفان القرآن‘‘ اور دہشت گردی کے خلاف دیئے جانے والے فتویٰ سے ظاہر ہے۔

منہاج تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ مانکیالہ مسلم گوجر خاں بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے فیضان نظر کا ایک حصہ ہے۔ اس ادارے کا قیام محمد نعیم چودھری (صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس) اور ان کے والد حاجی محمد منیر چودھری نے شیخ الاسلام کے نظریے کو سامنے رکھتے ہوئے عمل میں لایا۔ پروگرام کے آخر میں حاجی چودھری محمد منیر (منتطم اعلیٰ منہاج تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ) نے ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور مستقبل کے منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔

محفل کے اختتام پر عشق ومحبت میں ڈوب کر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام پیش کیا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد رشید اور سجادہ نشین کلیام شریف صاحبزادہ راشد مسعود کلیامی نے امت مسلمہ کے لئے بالخصوص، پاکستان کی سلامتی اور شیخ الاسلام کی صحت وسلامتی اور درازی عمر کے لئے دعا کی۔ جملہ شرکائے محفل کو آخر میں لنگر بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ: محمد نعیم

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top