مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام ہونے والے ائمہ و خطباء کورس کی اختتامی تقریب

مرکزی نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ائمہ وخطباء کی تیاری کیلئے 14 مارچ تا 14 اپریل 2011ء ایک ماہ پر مشتمل ایک کورس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے چاروں صوبوں اور کشمیر سے شرکاء نے شرکت کی۔ ٹیسٹ و انٹرویو کے بعد 52 شرکاء کو کورس میں داخلہ دیا گیا۔ کورس قرآن کریم، ترجمہ، تفسیر، حدیث، فقہ، تجوید، گرائمر، تصوف اور اسلامی افکار کے منتخب نصاب پر مبنی تھا۔

کورس میں ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی، انچارج کورس علامہ محمد شریف کمالوی، محمد شفیق بغدادی اور سید وقار حسین گیلانی نے تدریس کے مستقل فرائض سر انجام دیئے۔ جبکہ مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن نے بھی لیکچرز دیئے، جن میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری، علامہ سید فرحت حسین شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ محمد فاروق رانا، محمد امجد جٹ اور ساجد ندیم گوندل شامل ہیں۔

14 اپریل 2011ء بروز جمعرات کو اس کورس کے اختتام پر تقریب تقسیم اسناد منعقد کی گئی جس میں امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری اور ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل نے خصوصی شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض علامہ محمد شریف کمالوی نے سر انجام دیئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح 10 بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس میں شرکائے کورس میں سے قراء حضرات نے تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیا۔ اس کے بعد بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کیا گیا۔

کورس میں آنے والے حضرات نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس ایک ماہ کے کورس کے دوران تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر گزرنے والے لمحات کو زندگی کے حسین ترین لمحات قرار دیا اور اسے اپنی خوش قسمتی سے تعبیر کیا۔ امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے شرکائے کورس سے فکر انگیز خطاب کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عوام جو مسجدوں سے بھاگ رہے ہیں ان کیلئے اپنے علم و فن سے دلچسپی پیدا کریں تاکہ بیداری شعور ممکن ہو سکے۔

نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس قادری نے بھی تربیتی گفتگو کی اور تاکید کی کہ اس کورس کے دوران جو تربیت دی گئی ہے اس کو جہاں تک ممکن ہو فروغ دیں۔ اخلاص اور للّٰہیت پیدا کریں۔ علاوہ ازیں شرکائے کورس نے ترانہ محبت و عقیدت بھی پیش کیا جس سے آنکھیں اشک بار ہو گئیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکائے کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، رانا فیاض احمد خان، احمد نواز انجم، لطیف مدنی اور علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے اسناد تقسیم کی۔ دعا خیر پر تقریب کا اختتام ہوا۔

رپورٹ : سید شاہد حسین کاظمی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top