سکھ یاتریوں کے بیساکھ میلے میں منہاج القرآن کے قائدین کی شرکت
تحریک منہاج القرآن کے بین المذاہب فورم "منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلشنز" کے قائدین نے لاہور میں سکھ یاتریوں کے بیساکھی میلے 2011 میں شرکت کی۔ بیساکھی کا میلہ "بیساکھی فیئر 2011" لاہور میں گوردوارہ ڈیرا صاحب میں 14 اپریل کو منعقد ہوا۔ جس میں منہاج انٹرفیتھ ریلشنز کے مرکزی قائدین کے وفد نے سکھ یاتریوں کی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔ مرکزی قائدین کے وفد کی قیادت انٹرفیتھ ریلشنز کے ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ غلام فرید نے کی۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر، نظامت میڈیا کے حفیظ چوہدری اور قاضی محمود الاسلام بھی وفد میں شامل تھے۔
سکھ یاتریوں نے بیساکھی میلے میں روایتی جوش و خروش سے شرکت کی۔ منہاج القرآن کے قائدین نے بیساکھی میلے میں شرکت کر کے سکھ بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر سکھ رہنماوں نے اظہار بھی خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھی کا میلہ امن کا پیغام ہے، جس میں منہاج القرآن کے قائدین نے شرکت کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ پرامن لوگ ہیں۔ منہاج القرآن نے بین المذاہب ہم اہنگی کو پاکستان اور دنیا بھر میں فروغ دیا ہے، جس پر وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شکر گزار ہیں۔
تقریب میں حافظ غلام فرید نے اظہار خیال کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ منہاج القرآن کی طرف سے امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ بیساکھی میلہ پاکستان اور بھارت کے پنجاب کی سانجھی روایت ہے، جس میں شرکت کر کے انہیں خوشی ہوئی۔ حافظ فرید نے کہا کہ وہ سکھ بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہو کر وہ آئندہ بھی بین المذاہب ہم اہنگی کے پیغام کو عام کرتے رہیں گے۔
تقریب کااختتام سکھ یاتریوں کی دعا سے ہوا۔
تبصرہ