قرض کی مے پینے کی عادت اب تو حکمرانوں کی فطرت بن گئی ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 18 مئی 2011ء

اس وقت ملک میں اپوزیشن نام کی کسی چیز کا وجود نہیں ہے 
حکمرانوں کا ٹریک ریکارڈ بتاتا ہے کہ موجودہ بجٹ عوام کیلئے مہنگائی کا بڑا طوفان لائے گا
عوام موجودہ استحصالی ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کی سرگودھا اور میانوالی سے آنیوالے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کرنے ہوں گے۔ پاکستان کی سالمیت اور یکجہتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے یہ ناگزیر ہیں۔ موجودہ حکومت کی طرف سے اب تک کوئی ایک پالیسی بھی ایسی سامنے نہیں آ سکی جسے دیکھ کر یہ کہا جا سکے کہ آنے والے سالوں میں پاکستان غیر ملکی مالیاتی اداروں کی بیساکھیوں سے نجات حاصل کر سکے گا۔ قرض کی مے پینے کی عادت اب تو حکمرانوں کی فطرت بن گئی ہے۔ افسوس! شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ سے رہنے والا مقتدر طبقہ اپنی مراعات میں اضافہ کیلئے تو فوری قانون سازی کر لیتا ہے مگر غریب عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے پارلیمنٹ میں کوئی جنبش نہیں ہو رہی۔ اس وقت ملک میں اپوزیشن نام کی کسی چیز کا وجود نہیں ہے۔ ہر سیاسی پارٹی اقتدار کا مزہ لے رہی ہے اور اسکی پہلی اور آخری ترجیح مقتدر رہنا ہے۔

وہ گذشتہ روز سرگودھا اور میانوالی سے آنیوالے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر پنجاب احمد نواز انجم، نائب ناظم اعلیٰ پبلک ریلیشنز جی ایم ملک، ناظم اطلاعات قاضی فیض الاسلام اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر پارٹیاں وفاقی حکومت کا حصہ ہیں جبکہ ایک پارٹی پنجاب میں مقتدر رہنے کیلئے اپوزیشن کا کردار ادا کرنے سے مانع ہے۔ ان حالات میں عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ موجودہ استحصالی نظام جو ان پارٹیوں کو مقتدر بناتا ہے، کے خلاف اپوزیشن کا کردار ادا کریں اور اس نظام کے خلاف شدید نفرت کا اظہار کر کے اسے ہمیشہ کیلئے سمندر برد کر دیں۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ حکومت پُرتعیش اشیاء کی درآمدات پر پابندی لگا دے اور برآمدات کو بڑھایا جائے۔ ملک میں زرعی انقلاب لانے کیلئے کسانوں کو خوشحال بنانے پر توجہ دی جائے اور انہیں مراعات اور بلا سود قرضے دئیے جائیں۔ دہشت گردی کے عفریت کو قابو کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور ملک میں سرمایہ کاری کے سلسلہ کا آغاز ہو۔ اس عمل سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں مگر حکمرانوں کا ٹریک ریکارڈ بتاتا ہے کہ موجودہ بجٹ عوام کیلئے مہنگائی کا بڑا طوفان لائے گا۔ بدترین لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوئی پلان موجود نہیں ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کے بغیر زندگی گزارنے والے عوام موجودہ استحصالی ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جو اپاہج، گونگی، بہری اور اندھی پارلیمنٹ کو جنم دیتا ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ فیصلہ عوام ہی کو کرنا ہے کہ انہوں نے جانوروں کی سی زندگی گزارنی ہے یا وقار و خوشحالی سے جینا ہے۔ اگرجواب دوسری آپشن ہے تو موجودہ نظام کے خلاف گھروں سے باہر نکلنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top