بحریہ کی تنصیبات پر دہشت گردوں کی طرف سے راکٹوں اور بموں سے حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری
دہشت گرد اسلام اور پاکستان دونوں کے بدترین دشمن ہیں انکا
اسلام اور وطن عزیز سے کوئی تعلق نہیں
قومی سلامتی کے ضامن اداروں پر حملوں کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح
افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے
مٹھی بھر دہشت گردوں کی اس سطح کی کارروائیاں حکومتی ذمہ داران کیلئے گہری سوچ
بچاراور ٹھوس اقدامات کی متقاضی ہیں
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بحریہ کی تنصیبات پر دہشت گردوں کی طرف سے راکٹوں اور بموں سے حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں پر براہ راست حملوں کا سلسلہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے اس حوالے سے حکومت اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اسلام اور پاکستان دونوں کے بدترین دشمن ہیں انکا اسلام اور وطن عزیز سے کوئی تعلق نہیں۔ قومی سلامتی کے ضامن اداروں پر حملوں کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وطن عزیز کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے۔ حکومت مصلحتوں سے آزاد ہو کر آہنی ہاتھوں سے دہشت گردوں کا سر کچل دے۔ دفاعی اداروں پر اس نوعیت کے حملوں کو ہر صورت روکنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں کی اس سطح کی کارروائیاں حکومتی ذمہ داران کیلئے گہری سوچ بچاراور ٹھوس اقدامات کی متقاضی ہیں۔ آئندہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے شہید ہونیوالے اہلکاروں کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کرنے کی تلقین کی۔
تبصرہ