حضور (ص) نے اپنی حیات طیبہ میں تعلیم اور شعور کے فروغ کو جتنی اہمیت دی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی: سید فرحت حسین شاہ
مسلم ممالک پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے امت مسلمہ کی
نمائندہ تنظیم OIC مجرمانہ خاموشی اختیار کر کے اپنا وجود کھو چکی
اسلامی ممالک ایسا فورم تشکیل دیں جو امت کو سیاسی و معاشی وقار عطا کرے : سید فرحت
حسین شاہ
منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ کا مرکزی سیکرٹریٹ میں
منعقدہ ایک تقریب سے خطاب
سیاسی ومعاشی طور پر امت مسلمہ دنیا میں محکومی کی زندگی گزار رہی ہے مسلم ممالک وسائل کی فراوانی اور با صلاحیت افرادی قوت کے باوجود سیاسی اور معاشی طور پر دنیا میں بے حیثیت دکھائی دیتے ہیں جس کی بڑی وجہ اتحاد و یک جہتی کا نہ ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی حیات طیبہ میں تعلیم اور شعور کے فروغ کو جتنی اہمیت دی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ فدیہ دینے کی طاقت نہ رکھنے والے غزوہ بدر کے قیدیوں کو دس بچوں کو لکھنے پڑھنے کے قابل بنانے کے عوض رہائی دینا علم کی اہمیت کو واضح کرتاہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے علم کے کلچر کو فروغ دیا۔ آج فروغ علم کو دعوت و تربیت کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ علم نافع سینے میں نور پیدا کرکے اللہ کی معرفت پیدا کرتا ہے، علم نافع دنیا سے بے رغبتی پیدا کرتا ہے اور یہ بندے کو ہر لمحہ جنت کے قریب اور دوزخ سے دور کرتا ہے اس لیے ایسے علم کو حاصل کرنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ مشرق وسطیٰ اور دیگر مسلم ممالک کے موجودہ حالات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر خوشحال مسلم ممالک غریب مسلم ممالک کے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہے جو بڑا المیہ ہے۔ افغانستان، عراق، کشمیر فلسطین اور دیگر محکوم مسلم ممالک پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے امت مسلمہ کی نمائندہ تنظیم OIC مجرمانہ خاموشی اختیار کرکے اپنا وجود کھو چکی۔ UN کا غلامانہ اور بے حیثیت کردار بھی کسی سے چھپا نہیں ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مؤثر اسلامی ممالک کے حکمران ذاتی مفادات اور غلامانہ پالیسیوں سے تائب ہوکر ایک ایسا فورم تشکیل دیں جہاں محکوم مسلم ممالک کو حقیقی آزادی دلانے اور امت کے معاشی اور سیاسی وقار کی بحالی کے لیے ٹھوس پالیسیاں تشکیل دی جائیں اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسلمان بطور امت دنیا میں توقیر کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں نے اپنی موجودہ روش کو نہ بدلا تو سیاسی و معاشی طور پر کمزور امت دنیا میں مزید بے حیثیت بنا دی جائیگی اور امت مسلمہ کی آئندہ نسلیں ایسے حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔
تبصرہ