منہاج اسلامک سنٹر ( کھوائی چنگ) ہانگ کانگ کے زیراہتمام محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 28 جون 2011ء

منہاج القرآن اسلامک سنٹر (کھوائی چنگ) ہانگ کانگ کے زیراہتمام مورخہ 28 جون 2011ء بروز منگل بعد نماز عشاء عظیم الشان محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عمران نے حاصل کی، مطیع الرحمان اور ان کے ساتھیوں نے قصیدہ بردہ شریف پڑھا جبکہ ارشد محمود، عبدالمجید اور سید تنویر حسین شاہ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض حافظ محمد طیب نے سرانجام دیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے حاضرین محفل سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزہ معراج کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شب معراج اللہ رب العزت نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے پاس بلا کر ان کی شان کو اجاگر کیا، انبیائے کرام نے مسجد اقصی میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیچھے نماز ادا کر کے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنا امام تسلیم کیا۔ ملائکہ نے سدرۃ المنتہی پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کر کے معراج کا لطف اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ہر آسمان پر بے شمار فرشتوں اور مختلف انبیائے کرام کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے استقبال کے لئے جمع فرما دیا تاکہ شایان شان طریقہ سے استقبال کیا جائے۔

اللہ رب العزت نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مقام قاب قوسین پر بلا کر نماز کا عظیم تحفہ ہمارے لئے عطا فرمایا نیز دوران سفر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بہت سے مشاہدات فرمائے۔ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے کہاشب معراج کا پیغام یہ ہے کہ نماز کی پابندی کر کے تعلق بندگی کو مضبوط کریں اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کثرت سے درود و سلام پڑھتے رہیں تاکہ تعلق محبت اور تعلق غلامی میں پختگی نصیب ہو۔ آج تحریک منہاج القرآن امت کو اسی راہ پر چلا رہی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نگر نگر یہی پیغام عام کر رہے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر اجتماعی طور پر درود و سلام پڑھا گیا اور حاضرین میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کی سی ڈیز تقسیم کی گئیں اور ہانگ کانگ کے دیرینہ اور بزرگ ساتھی نیاز محمد خان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

رپورٹ: حافظ محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top