منہاج اسلامک سنٹر (بارسلونا) سپین کے زیراہتمام ماہانہ محفل گیارہویں شریف کا انعقاد

مورخہ: 19 جون 2011ء

منہاج اسلامک سنٹر (بارسلونا) سپین کے زیراہتمام مورخہ 19 جون 2011ء بروز اتوار کو ماہانہ محفل گیارہویں شریف منعقد ہوئی جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی نے کی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم الازہری، منہاج القرآن فرانس کے نائب صدر حاجی محمد یعقوب، علامہ عبدالرشید شریفی اور مرزا نواز جرال نے خصوصی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالرزاق نقشبندی نے حاصل کی، سلسلہ نعت خوانی میں حافظ محمد عاطف، احتشام اور غلام محی الدین (گڈو پاشا) نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل کی نقابت کے فرائض حافظ محمد عابد نقشبندی نے سرانجام دیئے۔ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ علامہ حافظ محمد اقبال اعظم الازہری نے اپنے خطاب میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر انتہائی مدلل اور پرمغز خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیات مقدسہ اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں واقعہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تمام مراحل اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بشریت و نورانیت بیان کی۔ انہوں نے احوال صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین اور اولیاء کرام کی روشنی میں سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بیان کی۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے متعلق صرف عقل سے نہیں بلکہ عشق سے کام لیا جانا چاہیے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان کو عقل سے جاننا ابوجہل کا کام تھا جبکہ صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سمیت دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عشق سے دیکھتے تھے۔

اپنی گفتگو کے آخری حصہ میں علامہ حافظ محمد اقبال اعظم الازہری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عظیم فلاحی منصوبہ ’’آغوش‘‘ کے لئے اہلیان بارسلونا کو مبارکباد دی اور بتایا کہ جس عظیم فلاحی مقصد کے لئے انہوں نے گذشتہ سالوں میں مالی تعاون کیا تھا وہ الحمدللہ اب مکمل ہو چکا ہے اور اب تزئین و آرائش کے مراحل میں ہے جس کے فوری بعد 500 یتیم بچوں کی کفالت شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے آغوش میں زیر کفالت بچوں کی کفالت کا طریقہ کار بتایا اور تفصیلات بتائیں، اس موقع پر TV سکرین پر آغوش منصوبہ کی تصاویر اور اس میں زیر کفالت بچوں کی تصاویر بھی دکھائیں۔ نماز مغرب کے بعد ختم شریف پڑھا گیا اور لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top