معاشی تنگدستی نے معاشرے کی اکثریت کا ذہنی سکون چھین لیا : سمیرا رفاقت
غریب کش مقتدر طبقہ اللہ کے عذاب کی ایک شکل ہے
خاتون خانہ کیلئے کچن چلانا آج کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ استحصال زدہ خواتین کو حقوق دلانے کیلئے پورے ملک میں منظم
انداز میں کا م کر رہی ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ کا سیمینار سے خطاب
منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ سمیرا رفاقت نے کہا ہے کہ خاتون خانہ کیلئے کچن چلانا آج کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ ہوشرباء مہنگائی نے چولہے ٹھنڈے کر دئیے ہیں اور نوبت فاقوں تک جا پہنچی ہے۔ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ گیس کے بڑھنے والے ممکنہ ریٹ غریب کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے عذاب نے معصوم بچوں کو بے حال کر دیا ہے۔ غریب کش مقتدر طبقہ اللہ کے عذاب کی ایک شکل ہے۔
وہ گذشتہ روز منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام "مہنگائی کے خاتون خانہ پر اثرات" کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر نائب ناظمہ ساجدہ صادق اور سدرہ کرامت بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی تنگدستی نے معاشرے کی اکثریت کا ذہنی سکون چھین لیا ہے۔ خاتون خانہ پر اسکے انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ بچوں کی غذائی ضروریات پوری نہ ہونے کے باعث ماں ذہنی تناؤ کا شکار رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھر میں خوشگوار ماحول کی بجائے خاوند بیوی کے جھگڑے روز کا معمول ہیں جسکے انتہائی منفی اثرات بچوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔ بچوں کی تعلیمی ضروریات بھی مہنگائی کے باعث پوری کرنا محال ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں کچن کی ضرورت پوری نہ ہو وہاں بچوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات کیلئے وسائل کہاں سے آئیں گے۔
سمیرا رفاقت نے کہا کہ خواتین معاشرے کا نصف سے زائد حصہ ہیں انہیں معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے اپنا کردار ضرور ادا کرنا چاہیے تاکہ ان کے گھروں کا سکون اور خوشحالی لوٹ سکے اس کے لئے ضروری ہے کہ ظالم اور غریب دشمن مقتدر طبقے کے خلاف موثر اور فیصلہ کن کوشش کی جائے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ استحصال زدہ خواتین کو حقوق دلانے اور معاشرے میں شعور کی بیداری کیلئے پورے ملک میں منظم انداز میں کا م کر رہی ہے۔ خواتین منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے اپنے حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند کریں تو بہت جلد ملک میں ایسی مثبت اور دیرپا تبدیلی آئے گی جسکے بعد خاتون خانہ کو مسائل سے نجات ملے گی۔ سیمینار سے ناظمہ تربیت خدیجہ فاطمہ نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ