منہاج القرآن انٹرنیشنل نیوجرسی، امریکہ کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد مصطفیٰ کانفرنس

مورخہ: 29 مئی 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر امریکہ کے زیراہتمام نیو جرسی میں عظیم الشان میلاد مصطفیٰ کانفرنس 29 مئی 2011ء کو منعقد ہوئی جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کی۔

میلاد کانفرنس میں عالم اسلام کے نامور قراء اور نعت خوانوں کے علاوہ عالم عرب اور پاکستان کے نامور علماء و مشائخ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ امریکہ اور کینیڈا سے 6 ہزار سے زائد پاکستانی شرکاء بھی میلاد کانفرنس میں موجود تھے۔ قاری القراء سید صداقت علی نے تلاوت کلام پاک سے کانفرنس کا آغاز کیا جبکہ حماد مصطفیٰ قادری، عالمی شہرت یافتہ نعت خوان نور محمد جرال اور دیگر نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

محفل نعت کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کانفرنس کے شرکاء سے ’’محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کی یہ سنت ہے کہ وہ پہلے محب بنتا ہے، پھر محبوب بنتا ہے۔ محبت کا آغاز ہی اللہ رب العزت کی طرف سے ہوا جس نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنا محبوب بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا۔ اللہ تعالیٰ نے ثابت کر دیا کہ جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرے گا، اللہ بھی اس کو اپنا محبوب بنا لے گا۔ اس لیے جو بندہ اللہ رب العزت کی سنت پر عمل کرتا ہے، اللہ تعالی اس سے محبت کرتا ہے۔

اللہ رب العزت فرشتوں کو حکم فرماتے ہیں کہ مجھے فلاں شخص سے محبت ہو گئی ہے تم سب بھی اس سے محبت کرو۔ اللہ کی طرف سے حکم ملنے کے بعد فرشتے آسمانوں میں منادی کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے فلاں بندے سے محبت کرتا ہے۔ اس طرح محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنے والا محبوب خدا اور محبوب ملائکہ بن جاتا ہے۔

شیخ الاسلام نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکیزہ دلوں میں اپنے محبوب کی محبت کا خمیر ڈالتا ہے۔ جس شخص کا دل، من اور سینہ پاکیزہ نہیں، وہ محبت سے خالی رہتا ہے۔ اس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں گندے برتن میں پانی نہیں پیتے، دودھ اور جوس نہیں ڈالتے تو غور کریں کہ اللہ تعالیٰ کس طرح گندے برتن میں اپنی محبت ڈالے گا۔

آج کے اس دور میں المیہ یہ ہے کہ جن کے دل اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے خالی ہیں، وہ تنقید کے نشتر چلا رہے ہیں۔ اللہ رب العزت کی محبت کی نشانی یہ ہے کہ وہ جس بندے سے بھی محبت کرتا ہے تو اسے اپنی صفات کا لباس پہنا دیتا ہے۔ جب عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی میت قبر میں اتاری جائے گی تو سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرشتوں سے فرمائیں گے کہ اس کا خیال رکھنا یہ مجھ سے محبت کرنے والا ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ آج نفسا نفسی، قتل وغارت گری، عدم اعتماد اور معاشرتی عدم برداشت کے ماحول میں محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ نے کہا کہ محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہ صرف اصل ایمان ہے بلکہ کامل ایمان بھی ہے۔ محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا میں قیام امن کا درس دیتی ہے۔ آج منہاج القرآن نے بھی اس عالمی قیام امن کا بیڑہ اٹھایا ہے جس کا پیغام یہ ہے کہ اسلام دہشت گردی یا شدت پسندی کا نہیں بلکہ محبت، امن اور برداشت کا مذہب ہے۔

پروگرام کا باقاعدہ اختتام درود و سلام اور شیخ الاسلام کی خصوصی دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top