فوجی اور عوامی حکومتوں نے آج تک ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے ہمیشہ سیاسی ضرورت کے لیے استعمال کیا : ارشاد طاہر

حکومت بجلی کے شدید بحران کو حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے
تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر کا تقریب سے خطاب

تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کہا ہے کہ ہوشرباء مہنگائی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام سے جینے کا بنیادی حق بھی چھین لیا ہے۔ بدامنی اور دہشت گردی سے جنم لینے والا خوف و ہراس پاکستانی قوم کو ذہنی مریض بنا رہا ہے۔ عوام بے چاری اپنی داستان غم کسے سنائے اور کب تک حکومت کی طفل تسلیوں کو قبول کرتی رہے، عوام کا احتجاج اور شدید ردعمل فطری ہے اس ردعمل کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ امن، انصاف، روزگار اور برابری کے اصولوں کو لاگو کیا جائے۔

دہشت گردی اور بدامنی کا ترجیحی بنیادوں پرٹھوس منصوبہ بندی کر کے تدارک کیا جائے۔ مہنگائی کے طوفان کو بند باندھا جائے ورنہ حالات اتنے خراب ہوسکتے ہیں کہ پھر قابو کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن لاہور کی تنظیمات کے عہدیداران و کارکنان کے اجتماع سے گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر، حفیظ اللہ جاوید، شبیر دیو، الیاس ڈوگر، پروفیسر رمضان ایوبی، میاں رئیس احمد، چوہدری محمود، حاجی عبدالخالق اور حاجی اختر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت اپنے الیکشن منشور کے مطابق ان مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرئے ورنہ وہ وقت دور نہیں جب عوام کا ہاتھ ان کے گریبان پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے فوجی اور عوامی حکومتوں نے آج تک ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے ہمیشہ سیاسی ضرورت کے لیے استعمال کیا ہے جو ایک المیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے حالیہ بحران کا حل نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے اس سلسلے میں شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کر کے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور ملک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ملک میں 12 سے 16 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی ہمارے ملک میں ایک مستقل بحران کی حیثیت اختیار کرتی جارہی ہے۔ اس لیے اس خوفناک بحران کا خاتمہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ حکومت بجلی کے شدید بحران کو حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی سے ستائے ہوئے عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے گیس کے نرخوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے جو کسی طرح سے بھی درست فیصلہ نہیں ہے لہذا حکومت گیس کے نرخوں میں کسی قسم کا اضافہ نہ کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

انہوں نے حکومت کی توجہ دلائی کہ وہ بجلی کے بحران سے نپٹنے کے لئے پارلیمنٹ میں جامع رپورٹ پیش کرے جس میں بجلی کی قلت اور اسے دور کرنے کی ممکنہ تدابیر اور ان کے لئے درکار وسائل اور سرمائے جیسے بنیادی حقائق بھی شامل ہوں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی سطح پر ہونے والی اس بحث میں کالا باغ ڈیم سمیت دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی جائے تاکہ عوام کو آگاہی ہو کہ اس بحران کے اسباب اور عوامل کیا ہیں اور عوام کو غافل رکھنے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top