ہزاروں میل دور ہو کر بھی تارکین وطن کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے: راجہ جمیل اجمل

پاکستان کے حالات پر تارکین وطن کی تشویش ان کی وطن سے گہری محبت کی علامت ہے
پاکستان سے جب بھی کوئی بری خبر آتی ہے تارکین وطن کے چہروں کی رونق ختم ہو جاتی ہے

تارکین وطن ملک کے حالات پر دل گرفتہ ہیں، ہزاروں میل دور ہو کر بھی ان کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ ملک کے ابتر معاشی حالات، دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل، مہنگائی، بیروز گاری، معاشی ناہمواری، لوڈشیڈنگ اور سیاسی کھینچا تانی کے باعث مختلف ممالک میں رزق کمانے والے پاکستانی بہت زیادہ دکھی ہیں۔ وہ قانون کی حکمرانی کا خواب دیکھتے ہیں اور ملک کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

ملک میں قیادت کا بدترین بحران ہے، المیہ یہ ہے کہ جو حقیقی لیڈر ہے وہ اقتدار سے باہر ہے اور جن کے پاس اقتدار ہے وہ قیادت کے اہل نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم امور خارجہ را جہ جمیل اجمل نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام اپنے اعزاز میں ہونے والی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات پر تارکین وطن کی تشویش ان کی وطن سے گہری محبت کی علامت ہے۔ ان کو اپنی مٹی سے پیار ہے اور یہاں ہونے والے واقعات پر وہ گہری نظر رکھتے ہیں۔ پاکستان سے جب بھی کوئی بری خبر آتی ہے ان کے چہروں کی رونق ختم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی حالات بہت نازک ہیں بیرونی قرض نے ملکی ترقی کو مفلوج کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو گرداب سے نکالنے کیلئے عوام میں شعوی بیداری کیلئے محنت کرنا بہت ضروری ہے۔ عوام کو ان کے حقوق کا شعور دینا ہو گا تا کہ ملک میں مثبت سیاسی تبدیلی ممکن ہو سکے۔ راجہ جمیل اجمل نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اندرون اور بیرون ملک مثبت قدروں کے فروغ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top