تحریک منہاج القرآن تحصیل علی پور چٹھہ کے زیراہتمام بیداری شعور سیمینار

مورخہ: 22 مئی 2011ء

تحریک منہاج القرآن تحصیل علی پور چٹھہ کے زیراہتمام 22 مئی 2011ء کو "بیداری شعور سیمینار" منعقد ہوا۔ جس میں استقبالیہ ریلی کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا تھا۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا مرکزی قائدین سمیت قافلہ جونہی تحصیل علی پور چٹھہ کی حدود میں داخل ہوا تو کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ بڑی گرم جوشی سے مہمانوں پر گل پاشی کی گئی۔ اس موقع پر ریلی کا باقاعدہ آغاز یونین کونسل کلاسکے سے ہوا۔

ناظم اعلیٰ کی قیادت میں ریلی علی پور چٹھہ کی طرف رواں دواں تھی۔ جس میں تقریباً پچاس موٹر سائیکل سواروں نے بڑی خوبصورتی سے ایک نظم کے تحت PAT کے جھنڈے لہرتے ہوئے شرکت کی۔ ریلی کے راستے میں تمام UCs کے کارکنان نے گل پاشی کر کے اپنے قائدین کا استقبال کیا۔ تحصیل علی پور چٹھہ اور گردونواح کی تمام یونین کونسلز کے کارکنان نے ریلی اور مرکزی قائدین کا پل بڑی نہر پر پرتپاک استقبال کیا۔

علی پور چٹھہ شہر میں تقریبا نو مقامات پر کارکنان کی طرف سے ریلی کے شرکاء پر گل پوشی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ناظم اعلیٰ نے وکٹری کا نشان بنا کر نعروں کا جواب دیتے رہے۔ جلوس کی شکل میں ریلی الغازی میرج ہال پہنچی جہاں مرکزی ہال سیمینار کے لیے سجایا گیا تھا۔ یہاں بھی خواتین و حضرات نے ناظم اعلیٰ اور قائدین کا پرجوش نعروں سے والہانہ استقبال کیا۔ سارا ہال اپنی گنجائش کے اعتبار سے خواتین و حضرات سے پہلے ہی بھر چکا تھا۔ اس موقع پر سیمینار کے مہمان خصوصی سید شیراز منظور اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد تھے۔ دیگر مہمانوں میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے احباب شامل تھے۔

سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کی سعادت حسنات احمد گل نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض مدثر حسین نے ادا کیے۔ استقبالیہ کلمات فیاض احمد چیمہ صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل علی پور چٹھہ نے ادا کیے۔

الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی حضرات بھی اس سیمینار میں موجود تھے۔ ایم ایس ایم ضلع گوجرانوالا کے صدر محمد اسمعیل انعام نے امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی دیں۔

اس کے بعد صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع گوجرانوالا بشیر خان لودھی نائب امیر پنجاب تحریک منہاج القرآن، نثار احمد چٹھہ ناظم تحریک منہاج القرآن تحصیل علی پور چٹھہ، ڈاکٹر عبیداللہ گوہر امیر جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ نے اپنے خیلات کا اظہار کیا۔ جس میں انہوں نے تحریک کی اس کاوش کو بے حد سراہا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحصیلی کوآرڈینیٹر سید محمود الحسن شاہ نائب ناظم تحریک منہاج القرآن پنجاب اور عمران علی ایڈووکیٹ ضلعی امیر تحریک منہاج القرآن گوجرانوالہ کی معاونت سے تحصیل بھر میں نمایاں کارگردگی پر کارکنوں کی حوصلہ افرائی کے لیے شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔

سیمینار میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے قائد تحریک شیخ الاسلام کا بیداری شعور کے حوالے سے منفرد پیغام شرکاء تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس قوم نے اپنے عروج کی طرف سفر کرنا ہے تو ان مذکورہ نقات پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھے۔ تاکہ امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکے۔

سیمینار میں تحریک منہاج القرآن تحصیل علی پور چٹھہ کی تیرہ یونین کونسلز میں سے کارکنوں اور عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔ تمام شرکاء کے لیے ظہرانے کا انتظام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: فیاض احمد صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل علی پور چٹھہ۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top