مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی بھائی خان کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی بھائی خان اور تحریک منہاج القرآن یونین کونسل جنڈ مہلو کے زیراہتمام 15 جولائی 2011ء بروز جمعۃ المبارک کو ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی (صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان) اور راجہ جلیل کیانی (جنرل سیکرٹری انجمن بہبود مریضاں گوجر خان) مہمان خصوصی تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز نماز جمعۃ المبارک کے بعد سہ پہر 3 بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری نور محمد (خطیب مرکزی جامع مسجد غوثیہ جی ٹی روڈ بھائی خان) نے حاصل کی جبکہ طارق محمود فاضلی (صدر مصطفوی نعت کونسل) نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجر خان ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ذی روح کا ایک مقصد ہے اور انسانی زندگی کا مقصد دوسرے انسانوں کے کام آنا اور ان کے دکھ درد میں شریک ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قرآن پاک اور نماز کو صرف پڑھنے کی حد تک رکھا ہوا ہے، حالانکہ قرآن پاک اور نماز میں رب کائنات ہمیں دوسروں کے کام آنے کا حکم دیتے ہیں۔منہاج القرآن معاشرے کو مکمل فلاحی معاشرے میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

راجہ جلیل کیانی (جنرل سیکرٹری انجمن بہبود مریضاں (رجسٹرڈ) گوجر خان نے مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی بھائی خان تحریک منہاج القرآن یونین کونسل جنڈ مہلو کی عظیم الشان 7 سالہ کارکردگی پر صدر ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی، جنرل سیکرٹری محمد شفیق مصطفوی اور تمام ناظمین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصطفوی سسٹم ایک مضبوط سسٹم ہے، جس کے کامیاب انعقاد پر میں ناظمین کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔

پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد شفیق مصطفوی (جنرل سیکرٹری خازن مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی بھائی خان) نے ادا کئے۔ انہوں نے مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی کی 7 سالہ کارکردگی بھی حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی بھائی خان، تحریک منہاج القرآن یونین کونسل جنڈ مہلو تحصیل گوجرخان میں گزشتہ 7 سال سے فلاحی کام کر رہی ہے۔ جس میں یتیم بچوں، بچیوں کی کفالت، بیواؤں کیلئے گزارہ الاؤنس سمیت تقریباً 14 پروجیکٹ شامل ہیں۔ ان پراجیکٹس پر سالانہ 5 سے 6 لاکھ روپے خرچ ہوتا ہے۔ مصطفوی ویلفیئر سوسائٹی بھائی خان نے یہ سفر 14 اگست 2004ء کو شروع کیا تھا۔

پروگرام کے اختتام پر صدر اور جنرل سیکرٹری نے تمام مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے بعد حاضرین کیلئے طعام کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔

رپورٹ: عبدالستار نیازی (ناظم نشر و اشاعت تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top