منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام شب برات کا سالانہ اجتماع 2011

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں "شب برات" کا اجتماع 17 جولائی 2011ء کی شب منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدرات امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کی۔ قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ، امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم، حاجی منظور حسین قادری، جواد حامد، راجہ محمد جمیل اجمل، جی ایم علوی، علامہ محمد حسین آزاد، منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر عبدالجبار بٹ، ناظم منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن کونسل جاپان محمد انعام الحق، سید منظور احمد ترمذی، بشیر خان لودھی، خدام گوشہ درود الحاج شیخ محمد سلیم قادری، سید مشرف حسین شاہ اور حاجی ریاض احمد اور تحریک کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ پروگرام میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی قائدین کے علاوہ منہاج القرآن ویمن لیگ فرانس کی نگہت بٹ اور مقامی خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خواتین کے لیے پنڈال میں الگ حصہ مختص تھا۔ گوشہ درود کے گوشہ نشینان پنڈال میں سب سے آگے الگ نشستوں پر موجود تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 10 بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت خوانی کے سلسلہ میں  حسان منہاج محمد افضل نوشاہی، حافظ محمد مشتاق، قاری امجد علی بلالی برادران، شہزاد برادران، منہاج نعت کونسل اور دیگر نعت خواں حضرات نے ثناء خوانی کی۔ محمد افضل نوشاہی نے عارفانہ کلام بھی پیش کیا۔

خطاب شیخ الاسلام

شب برات کے روحانی اجتماع میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو خطاب ہوا۔ خطاب میں آپ نے کہا کہ ہمیں اللہ کو منانے کی جدوجہد ہر وقت جاری رکھنی چاہیے آج ہم رب کو منانے کی بجائے اسے ناراض کرنے والے اعمال کی کثرت کر رہے ہیں۔ جسکی وجہ سے اللہ کی ناراضگی مختلف شکلوں میں دکھائی دیتی ہے۔ بندہ مومن ایک لمحہ بھی اللہ کی یاد سے غافل نہیں ہوتا۔ وہ دنیاوی فرائض کی ادائیگی میں بھی اللہ کو نہیں بھولتا۔

انہوں نے کہا مسلمان سے مومن اور مومن سے محسن بننے کی جدوجہد ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ جس شخص نے باطنی ترقی کے عمل کو جاری رکھا، اس کیلئے دنیا و آخرت میں کامیابی ہے۔ آج ہم اللہ کی تقسیم پر ایک دوسرے کے خلاف حسد کرتے ہیں۔ بغض، عناد، غیبت اور کینہ ایسی بیماریاں ہیں جو ہمارے خرمن ایمان کو جلا رہی ہیں۔ نفس، شیطان اور خواہشات کی پیروی نے ہمارا ایمان کمزور کر دیا ہے۔ روح جسم کے پنجرے میں قید ہو کر رہ گئی ہے۔ ہم جسم کو توانا کر کے اسے خواہشات کا غلام بنا چکے ہیں۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ اگر ہم حقیقی سکون چاہتے ہیں تو اللہ کو منانے کیلئے راتوں کو اٹھ کر آنسو بہانے ہوں گے۔ اللہ کو منانے کا اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں کیونکہ رحمٰن کو خوش کرنے کیلئے شیطان کو چھوڑنا پڑے گا۔ آج شب برات کے موقع پر ہمیں اللہ کے حضور معافی مانگ کر آئندہ سے گناہوں سے بچنے کا عہد کرنا ہے۔ یہ عہد ہی دنیا و آخرت میں ہماری کامیابی کی ضمانت بنے گا۔

پروگرام کا دوسرا حصہ تحریک منہاج القرآن کی مرکزی جامع مسجد میں ہوا۔ جس میں صلوٰۃ التسبیح اور محفل ذکر شامل تھی۔ شب ایک بجے باجماعت صلوٰۃ التسبیح کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے صلوٰۃ التسبیح کی امامت کرائی۔

محفل ذکر میں حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے اپنے مخصوص انداز میں عارفانہ کلام کے ساتھ ذکر بھی کرایا۔ ذکر کی یہ محفل ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ جس کے بعد علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے اختتامی دعا کرائی۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام صبح پونے تین بجے ہوا۔ اس موقع پر شرکاء کے لیے سحری کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top