منہاج القرآن انٹرنیشنل (فرینکفرٹ) جرمنی کے زیراہتمام شب برات انتہائی عقیدت سے منائی گئی

فرینکفرٹ (ایم اے مرزا) منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ (جرمنی) میں مورخہ 16، 17 جولائی 2011ء کی درمیانی شب اسلامک سنٹر میں محفل شب برات انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری فیض احمد چشتی نے حاصل کی جبکہ حاجی محمد افضل قادری، دوست محمد، افضال شاہ، محمد ہاشم اور محمد سلیمان نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت کی صورت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر فرینکفرٹ محمد اقبال فانی نے قرآن وسنت کی روشنی میں شب برات کی فضلیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ان دو راتوں شب برات اور شب قدر کو بڑی اہمیت بخشی ہے۔ دوسری عام راتوں کو اللہ رب العزت آسمان دنیا پر تشریف لاتا ہے اور سوال کرتا ہے کہ ہے کوئی جو مجھ سے اولاد مانگے میں اس کو اولاد عطا کر دوں، ہے کوئی جو مجھ سے رزق مانگے میں اس کو رزق عطا کر دوں۔ مگر ان دو راتوں میں اللہ اپنا سوال بھی بدل دیتا ہے کہ ہے کوئی جو مجھ سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرے میں اس کے گناہ معاف کردوں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ آنے والے ایک سال میں کس کو کیا عطا کرنا ہے، کسے موت دینی ہے، کس کو زندگی دینی ہے یہ ڈیوٹی اپنے فرشتوں کے ذمہ لگا دیتا ہوں اور خود آسمان دنیا پر تشریف لے آتا ہوں اور سوال کرتا ہوں کہ ہے کوئی جو آج کی رات میری طرف رجوع کر لے۔ میں اس کی موت کو زندگی میں بدل دوں، تنگی رزق کو فراوانی میں بدل دوں الغرض ایک ایک کر کے اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے سوال کرتا ہے یہاں تک کہ صبح ہو جاتی ہے اور جو خوش نصیب ہوتے ہیں وہ اس رات کی برکتیں سمیٹ لیتے ہیں۔

محفل کے آخر میں علامہ محمد اقبال فانی نے ذکر کروایا اور شب برات کی مناسبت سے توبہ و استغفار کے وظائف حاضرین کو پڑھائے۔ وظائف کے دوران محفل کاسماع دیدنی تھا لوگ گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہے۔ محفل سحری تک جاری رہی اور حاضرین نے روزہ رکھ کر اپنے گھروں کی راہ لی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top