مانسہرہ میں تین روزہ فری آئی سرجری کیمپ
مانسہرہ (مورخہ 7 تا 9 جولائی 2011ء)۔ ۔ ۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پروفیسر احمد سلیمانی کے تعاون سے مانسہرہ میں تین روزہ فری آئی سرجری کیمپ منعقد ہوا۔ جس میں 662 مریضوں کی OPD کی گئی اور اُن کو فری میڈیسن فراہم کی گئیں۔ علاوہ ازیں 38 مریض جو سفید موتیا، آنکھوں کی چربی و دیگر مہلک امراض میں مبتلا تھے اُنہیں آنکھوں کا آپریشن کرانے کا مشورہ دیا گیا۔ جس میں سے 22 مریضوں کی آنکھوں کے آپریشن کئے گئے۔
او پی ڈی اور آئی سرجری معروف آئی سرجن ڈاکٹر امانت علی اور ڈاکٹر سید مزمل حسین نے کی جبکہ اُنکی معاونت حافظ عبد الحی و پیرا میڈیکل اسٹاف کے 8 افراد نے کی۔ ماہرین کی یہ ٹیم گذشتہ 13 سالوں سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نارووال کے تحت سرجریز کیمپس میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
کیمپ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری، ڈپٹی ڈائریکٹر میاں افتخار احمد تھے جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں شفیق الرحمن سعد، قاضی محمود، حافظ عبد الحی اور مقامی سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔
تین روزہ کیمپ کے آرگنائزر صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مانسہرہ ڈاکٹر عزیز الرحمن تھے جنہوں نے مختلف علاقوں میں 16دن قبل ہی بھر پور تشہیر کر دی تھی۔ منہاج کلینک مانسہرہ مانو روڈ کو مرکزی بیس کیمپ بنایا گیا اور مریضوں کے آپریشن بھی اس کلینک میں کئے گئے۔
مورخہ 7 جولائی 2011ء کو چمیٹی مانسہرہ کے ایک اسکول میں یہ کیمپ منعقد ہوا۔ جس میں 250 خواتین و حضرات کا فری چیک اپ کیا گیا اور اُنہیں فری میڈیسن اور آئی ڈراپس فراہم کیے گئے اور 19 مریضوں کی مائنر سرجری کی گئی۔
مانسہرہ پانوروڈ پر مورخہ 7 جولائی کو دوپہر 3:00 بجے سے شام 8 بجے تک منہاج کلینک میں فری آئی سرجری کیمپ منعقد ہوا جس میں 70 مریضوں کی OPD کی گئی اور 5 مریضوں کو آئی سرجری کا مشورہ دیا گیا۔ رات 10:00 بجے 8 مریضوں کی آنکھوں کی سرجری کی گئی۔
مورخہ 8 جولائی صبح 9 بجے مانسہرہ کے شنکیاری روڈ پر ڈھوڈیال میں 146 مریضوں نے OPD میں شرکت کی جس میں سے 9 مریض آپریشن کے دریافت ہوئے۔ اس موقع پر علاقے کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کیمپ کا دورہ بھی کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فلاحی و تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
مانسہرہ کے علاقے خاکی میں دوپہر تین بجے سے رات 8 بجے تک فری آئی سرجری کیمپ منعقد ہوا جس میں 196 خواتین و حضرات نے اپنی آنکھوں کی OPD کرائی اور فری ادویات و آنکھوں کے قطرے حاصل کئے اور 16 مریضوں کو مائنر سرجری کیلئے مشورہ دیا گیا۔ رات 10:00 بجے منہاج کلینک میں مزید 14 مریضوں کی فری آئی سرجری کی گئی۔ اسطرح کل 22 مریضوں کی فری آئی سرجری کی گئی اور تمام آپریشن کامیاب رہے۔
مورخہ 9 جولائی کو اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں میڈیا کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر امانت علی نے مریضوں کو ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیرسرپرستی دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے اور معاشرے کے غریب و نادار افراد کی ہر ممکن مدد کیلئے کوشاں ہے۔ اس موقع پر اُنہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے دیگر فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات کا تعارف کرایا اور مانسہرہ میں ہونے والی فری آئی سرجری کیمپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور پروفیسر نثار احمد سلیمانی کا بھی اس کیمپ کے انعقاد کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مریضوں نے میڈیا کے نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک عرصے سے وہ آنکھوں کے امراض میں مبتلا تھے اور غربت کی وجہ سے وہ اپنی آنکھوں کے آپریشن کرانے سے قاصر تھے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اُنکی آنکھوں کے آپریشن کامیاب رہے اور اُنہیں کوئی رقم اس پر خرچ نہیں کرنا پڑی۔
آخر میں اُنہوں نے شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا کہ اس مشکل کی گھڑی میں اُنکا ساتھ دیا۔
تبصرہ