لسانی بنیادوں پر قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے والے ملک و قوم کے بدترین دشمن ہیں

حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کافیصلہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے
کراچی سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کے وفد سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے کراچی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایسے سفاکانہ رویوں کی شدید مذمت کی ہے جنہوں نے کراچی شہر کے امن کو چاٹ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل بطور قوم ہمارے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔لسانی بنیادوں پر قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے والے ملک و قوم کے بدترین دشمن ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

فیض الرحمان درانی نے کہا کہ امن و امان کی ابتر صورتحال نے ملک کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ جس کے باعث عوام براہ راست مسائل کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ حکومت کا فریضہ ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے۔ عملی طور پرحکومت کی مصلحت آمیز پالیسیوں نے ملک اور بالخصوص کراچی کا امن تاراج کر دیا ہے۔انہوں نے کہا انتہا پسندانہ رجحانات کی بیخ کنی کے لئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ عوام حقیقی سیاسی شعور کی مدد سے گردونواح پر نگاہ رکھیں تو ایسے واقعات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کے فیصلے کو عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور غریبوں سے جینے کا حق نہ چھینے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top