غوثیہ ویلفیئر سوسائٹی میں عرفان القرآن کورس کی کلاس کا اجراء
تحریک منہاج القرآن کی مرکزی نظامت دعوت و تربیت کے زیراہتمام غوثیہ ویلفیئر سوسائٹی عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور میں عرفان القرآن کورس کی کلاس کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں 21 جولائی 2011ء کو مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت و ڈائریکٹر کورسز علامہ حافظ محمد شریف کمالوی، ناظم دعوت لاہور محمد رمضان ایوبی اور مرکزی نائب ناظم تربیت و معلم کورس آئیں دین سیکھیں و عرفان القرآن کورس حافظ محمد کوکب نورانی نے عزیز بھٹی ٹاون میں عرفان القرآن کلاس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت علامہ سلطان احمد معلم کلاس ہذا نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد نعت مبارکہ بھی پڑھی گئی۔ نائب ناظم تربیت حافظ محمد کوکب نورانی نے عرفان القرآن کورس کی اہمیت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید سے تعلق قائم کرنے کے لیے تین چیزوں کا پایا جانا ضروری ہے۔ سب سے پہلے ہم قرآن کو پڑھیں پھر اس کو سمجھیں اور پھر اس کی تعلیمات پر عمل کریں۔
الحمد اللہ عرفان القرآن کورس میں تینوں مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ اس میں درست قرآن پڑھنا اور قرآن فہمی کے لیے قرآن کی تفسیر بھی پڑھائی جاتی ہے اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب بھی دی جاتی ہے۔
ناظم دعوت محمد رمضان ایوبی نے فیملی حلقہ درود و فکر کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قرب کو پانے کے لیے اور آپ سے تعلق قائم کرنے کے لیے بہترین طریقہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کا پڑھنا ہے۔ آپ نے سب شرکاء کلاس کو اپنے اپنے گھروں میں فیملی حلقات درود و فکر قائم کرنے کی ترغیب دی۔
سینئر نائب ناظم تربیت علامہ حافظ محمد شریف کمالوی نے آئیں دین سیکھیں کورس کی بریفنگ دی اور شرکاء کلاس سے عرفان القرآن کورس کی کلاس کا فیڈ بیک سروے لیا۔ بعد ازاں آپ نے تحریکی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا مقصد دین اسلام کی سرفرازی ہے۔ جس کے لیے ہماری یہ کاوشیں جاری ہیں۔ آج ہم متحد ہو کر محنت کریں تو مزید بہتر نتائج مل سکتے ہیں۔
آخر میں سربراہ غوثیہ ویلفیئر سوسائٹی محمد توحید نے مہمانوں گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات سے کیا۔
رپورٹ:محمد سلمان اعوان
تبصرہ