امیر پنجاب تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم کا تنظیمی دورہ لودہراں

پیغام محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فروغ ہی تحریک منہاج القرآن کا مقصد ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری چاہتے ہیں کہ امت مسلمہ متحد ہو کر اسلام کی سربلندی کے لیے کھڑے ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر پنجاب احمد نواز انجم نے لودہراں کے تنظیمی دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع انہوں نے لودہراں کی تنظیمی کارکردگی کو بھی خوب سراہا جس پر انہوں صدر تحریک منہاج القرآن لودہراں ملک اسلم حماد اور انکی ٹیم کو بھرپور مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی تمام تحصیلوں میں منہاج القرآن کی تنظیمات مکمل ہو چکی ہیں اور اب یونین سطح کی تنظیمات کو مکمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فکری تربیت کے بغیر شعوری انقلاب نہیں آسکتا۔ تحریک منہاج القرآن کا مقصد مسلم نوجوان کو سوئے مدینہ رواں دواں کرنا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے راؤ محمد اسحاق کو ضلعی امیر تحریک منہاج القرآن، خواجہ قاسم کو ضلعی ناظم اور حاجی راؤ شمشاد کو نائب امیر ضلع لودہراں مقرر کیا گیا۔

امیر پنجاب نے اس موقع پر کارکنان کو بتایا کہ ہم اس وقت سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے آئیے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اجتماعی شادیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں لیہ، راجن پور اور مظفر گڑھ میں درجنوں جوڑوں کی شادیاں کروا کر انکے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نسبت دنیا اور آخرت دونوں جگہ کام آتی ہے اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم مصطفوی نسبت سے جڑے رہیں تاکہ ہمارے شب و روز بھی مصطفوی ہوں۔ انہوں نے حلقات درود کے زیادہ سے زیادہ قیام پر خصوصی زور دیا اور سالانہ اجتماعی اعتکاف کی بھی دعوت دی۔

صوبائی نائب ناظم انجینئر رفیق نجم نے اس موقع پر تربیتی خطاب کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام میں شخصیات کی بڑی اہمیت ہے۔ اگر دامن اسلام سے شخصیت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نکال دیا جائے تو عمارت اسلام دھڑام سے گر جائے گی۔ صوبائی امیر کے ہمراہ چودھری قمر عباس صوبائی نائب امیر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ملک اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن نے کارکردگی رپوٹ پیش کی اور بتایا کہ لودہراں پاکستان کا واحد ضلع ہے جہاں سب سے زیادہ دروس عرفان القرآن ہو رہے ہیں اور تمام یونین کونسلوں میں تنظیمات مکمل ہیں۔

تقریب میں تحریک منہاج القرآن لودہراں کی تنظیم کے علاوہ تحصیل دنیا پور، ڈیرہ جنڈ، گوگڑاں، آدم واہین، 49 ایم، پل بہشتی، چھنب موڑ، گلاب پورہ، گنگے والا ریلوے اسٹیشن، اور دیگر یونین کونسلوں کے عہدیداران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

راؤ اسحاق، خواجہ قاسم، راشد چودھری، عبدالغفار چودھری، ملک سلطان، حاجی عزیز بھٹی، رانا اشرف علی خان، علامہ نصیر بابر، اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ، عابد جوئیہ، اسماعیل مہرآبادی اور جہانزیب چودھری، کے علاوہ ایم ایس ایم اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے جوانوں کی بڑی تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس تقریب کی نقابت کے فرائض رانا محمد ظاہر ناظم تحریک منہاج القرآن نے سر انجام دیے۔

پروگرام کے آخر میں ملک پاکستان کے داخلی و خارجی استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top