تحریک منہاج القران آزادکشمیر کے زیراہتمام آل آزاد کشمیر تربیتی کیمپ بنجوسہ

تحریک منہاج القران آزاد کشمیر کے زیرانتظام مرکزی نظامت تربیت تحریک منہاج القران نے آزاد کشمیر کے پرفضا مقام بنجوسہ راولاکوٹ میں 19 ,20 جولائی 2011ء کو دو روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیا۔ جس میں آزاد کشمیر بھر سے تحریک کے عہدیداران اور رفقاء وابستگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القران کے قائم مقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض ، مرکزی ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی، مرکزی ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور MSM پاکستان کے سینئر وائس پریذیڈنٹ میاں آصف چشتی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ کیمپ کا باقاعدہ آغاز 19 جولائی کو چار بجے سہ پہر ہوا۔ تلاوت اور نعت شریف کے بعد ناظم کشمیر حافظ احسان الحق نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور تمام شرکاء کیمپ اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔

ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کیمپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القران عظیم علمی، فکری، اخلاقی اور روحانی تحریک ہے۔ جو اپنے کارکنان کو انقلاب آشنا کرنے کے لیے تربیتی کیمپس کا انعقاد کرتی ہے۔ اس کیمپ کا مقصد بھی عہدیداران، رفقا اور اراکین کے من کو انقلاب آشنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تنظیمی تربیت کرنا مقصود ہے۔

قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے تحریک بیداری شعور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں آقا علیٰہ الصلوۃ والسلام کے دین کی نوکری کا نام منہاج القران ہے۔ منہاج القران اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا راستہ ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں اس خاص رشتے میں پرو دیا ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی عوام خوشحالی کی زندگی بسر کریں، امن و سکون ہو تو پھر ہمیں اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کے خلاف عوام کے دلوں میں نفرت پیدا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا جب عوام کا شعور بیدار ہوتاہے تو وہ مصر کے حسنی مبارک کا تختہ الٹ دیتے ہیں۔ پاکستان میں بھی ووٹ ڈالنے والے 35 فیصد ہیں جب کے 65 فیصد لوگ ووٹ نہیں ڈالتے۔ ہمیں 65 فیصد لوگوں پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارکن چلتا پھرتا منہاج القران بن جائے، ہر کارکن میں منہاج القران کی خوشبو آنی چاہیے۔ ہمیں اپنی نمازوں کی پاپندی کرنی ہوگی اور اپنے اخلاق و کردار کو بھی سنوارنا ہوگا۔

ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے آئندہ سال کے اہداف، بیداری شعور، عملی اقدامات اور مشاورت و فیصلہ جات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا نظام بھی ایک planing کے تحت نظر کرتا ہے۔ انبیاء کرام علیہ اسلام کی جدوجہد، قیامت کا آنا، روزِ محشر بپا ہونا یہ تمام چیزیں Decided ہیں۔ ہم بھی اگر ٹارگٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں بھی پلاننگ کرنا ہوگی۔ کارکنان کو اپنے اہداف کا پاپند ہونا چاہیے۔ ہماری تمام تر کاوشیں مصطفوی انقلاب کے لیے ہیں، انقلاب کے لیے افرادی قوت ضروری ہے بیداری شعور کے لیے شیخ الاسلام کے خطابات پر وجیکٹرز پر عوام کو سنوائے جائیں۔ حضور شیخ الاسلام کی CDs کو بڑے پیمانے پر کشمیر بھر میں تقسیم کیا جائے۔ آزاد کشمیر میں اس سال 45000 افراد کو تحریک سے وابستہ کیا جائے تاکہ مصطفوی انقلاب کا حصول آسان ہوسکے۔ اس مقصد کے لیے آزاد کشمیر کی ذیلی تنظیمات کو بھی شیخ الاسلام کا پیغام امن و محبت گھر گھر پہنچانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے تنظیمی زندگی میں اخلاص للہیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اسلحہ خلوص اور للہیت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اٹھنے والا ہر قدم مبارک ہوتا ہے۔ شیخ الاسلام نے خود اخلاص اور للہیت پر عمل کیا ہے اور اپنے کارکنان کو بھی اس کا درس دیا ہے۔ شیطان سے بچنے کا ذریعہ بھی اخلاص اور للہیت ہے۔ سینکڑوں قومی مسائل کا حل بھی اخلاص اور للہیت میں ہے۔

انہوں نے ’’آئیں دین سکھیں کورس‘‘ بارے بریفینگ دیتے ہوئےکہا کہ یہ تین دن پر مشتمل کورس ہے جس میں نماز، کلمے، دعائیں، دینی اور بنیادی مسائل سیکھائے جاتے ہیں۔ تیسرے دن پیپر ہوتا ہے اور سند جاری کی جاتی ہے۔ آزاد کشمیر میں یہ کم از کم 100 کورسز کروائے جائیں گے۔ تحصیل میں 10 ,10 خواہش مند افراد کا انتخاب کر لیں جو قرات درست کر سکتے ہوں۔ پھر مرکزی معلمین ان کو تربیت دیں گے۔ گزشتہ ماہ کوٹلی میں 700 افراد اس کورس سے کامیابی سے استفادہ کر چکے ہیں۔

بیداری شعور کے لیے تجاویز حاصل کرنے سے شرکاء کیمپ کو گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ہر گروپ کے نمائندہ نے باہمی مشاورت سے تحریر کردہ تجاویز کو حاضرین کے سامنے رکھا۔ ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے بتایا کہ ان شااللہ ستمبر کے دوسرے ہفتے مظفرآباد ڈویژن سے بیداری شعور کنونشنز کا آغاز ہوگا۔ کنونشنز ضلعی سطح پرہوں گے۔ سات تحصیلات کو ویڈیو پروچیکٹرز خریدنے کا ٹارگٹ دیا گیا جن میں بھمبر، برنالہ، میرپور، مظفرآباد، عباس پور اور کھوئی رٹہ شامل ہیں۔ عباس پور تنظیم پہلے ہی پروجیکٹر خرید چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیداری شعور کیلئے لوکل سطح پر میڈیا کوریج / الیکٹرانک میڈیا پر کوریج حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔

علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے ’’عہدہ اور ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے تنظیمی عہدوں میں تحصیلی صدر، ناظم، ناظم مالیات، ناظم نشر و اشاعت اور ناظم دعوت و تربیت کی ذمہ داریوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ خواتین کے لئے امور خواتین کا بھی ایک ناظم بنایا جائے جو کہ خواتین کو Coordinate کرے۔

MSM کے سینئر وائس پریزیڈنٹ میاں عمران آصف چشتی نے لیڈر شپ کو موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر MUST, MSM نے صدر حافظ محمد عمیر کو MSM آزاد کشمیر کا کنونیئر مقرر کیا گیا۔

اعتکاف 2011 کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے حافظ احسان الحق ناظم کشمیر نے بتایا کہ شہر اعتکاف بغداد ٹاؤن لاہور میں حرمین شریفین کے بعد دنیا کا سب سے بڑا اجتماعی اعتکاف ہوتا ہے۔ جس میں شیخ الاسلام براہ راست تربیت فرماتے ہیں۔ کشمیر کیلئے 300 افراد کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ مختلف تحریکی سرگرمیوں پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نیلم، عباس پور، کوٹلی، میرپور، بھمبر، کھوئی رٹہ، منگلا، پلندری، چڑہوئی، ہجیرہ اور سدھنوتی کی تحصیلی تنظیمات کیلئے خصوصی شیلڈز کا اعلان کیا گیا۔

اس کیمپ کی کامیابی میں انتہائی اہم کردار ادا کرنے پر تحصیل ناظم راولاکوٹ سردار عتیق احمد طاہر، ناظم مالیات آزاد کشمیر سجاد احمد ملک اور ان کے ساتھیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے لئے بھی خصوصی شیلڈز کا اعلان کیا گیا۔ امیر کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے مہمانان گرامی اور شرکاء کیمپ کا شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام کا پیغام کو پہنچانے کی تلقین کی۔

علامہ غلام مرتضیٰ علوی کی پر سوز دعا سے یہ کیمپ اپنے اختتام کو پہنچا۔

پہلے دن نماز عشاء کے بعد محفل نعت و ذکر کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا۔ جس میں آزاد کشمیر کے ممتاز نعت خواں عزیز احمد قادری نے منہاج نعت کونسل برنالہ کے دیگر دوستوں حافظ محمد عمیر، محمد اشتیاق اور ہمنواؤں کے ساتھ مل کر دف کے ساتھ نعتیں پیش کیں۔ مظہر حسن قادری اور خورشید قادری نے ذکر کروایا، اس دوران حاضرین پر رقت کی کیفیت طاری رہی اور بعض دوست زاروقطار روتے رہے۔

پروگرام میں نقابت کے فرائض ناظم کشمیر حافظ احسان الحق نے ادا کیے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top