منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تحصیل ڈسکہ کے زیراہتمام ’فری رمضان پیکج‘

مورخہ: 04 اگست 2011ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تحصیل ڈسکہ کے زیراہتمام غریب اور نادار لوگوں میں ’’فری رمضان پیکج‘‘ تقسیم کیا گیا، جس میں آٹا، گھی، چاول، چینی اور اشیائے خردونوش شامل تھیں۔ اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوفی محمد سرور (ڈی۔ ایس۔ پی ڈسکہ) مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ محمد آصف باجوہ صدر بار کونسل ڈسکہ، حاجی عبد الرحمن بھٹی سرپرست تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ، میاں ناصر ایڈووکیٹ صدر منہاج وکلاء ونگ ڈسکہ اور حاجی سلیم سلہری کوآرڈینٹر حلقہ درود بھی شامل تھے۔

تقریب میں مہمان خصوصی ڈی۔ ایس۔ پی ڈسکہ صوفی محمد سرور نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام پوری دنیا میں انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہے ہیں۔ یہ رمضان پیکج اس بات کا ثبوت ہے کہ منہاج القرآن کسی بھی موقع پر معاشرے کو تنہاء نہیں چھوڑ رہی ہے، یہی اسلام کا پیغام ہے۔ جس کے لیے ہم سب کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

محمد آصف باجوہ ایڈووکیٹ، اللہ رکھا قادری (ناظم تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ) اور عبد الرحمن بھٹی (سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈسکہ) نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پوری دنیا میں علمی انقلاب بپا کردیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے فلاح و بہبود کے لیے بھی تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو وقف کردیا، رمضان پیکج اس سلسلے کی کڑی ہے۔ رمضان پیکج کے حوالے سے غریب آدمی کی مدد کا جذبہ ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دیا ہے۔

تقریب کے آخر میں محمد اسلم قادری (صدر تحریک منہاج القرآن ڈسکہ) نے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پراجیکٹس کی تفصیل شرکاء کو بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن ڈسکہ 4 فری ڈسپنسری چلا رہی ہے۔ ایک ایمبولینس، منہاج فری ٹینٹ سروس اور مختلف جگہوں میں میڈیکل فری کیمپ بھی منہاج القرآن ڈسکہ کے زیراہتمام کام کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلاح انسانیت منہاج القرآن ویلفیئر فاونڈیشن کا وہ مقصد ہے، جو بلا تفریق اور رنگ و نسل جاری رہے گا۔

اس موقع پر تقریب میں لوگوں نے منہاج القرآن کے ان کاموں کو بہت سراہا۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

رپورٹ: راشد رفیق (ناظم نشر و اشاعت تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top