رمضان المبارک نیکیوں کا وہ موسم بہار ہے جس میں ریاضتوں کی نہ تھمنے والی برسات ہوتی ہے: غلام مرتضیٰ علوی

مورخہ: 12 اگست 2011ء

حکمرانوں نے لاقانونیت، کرپشن اور بے ایمانی کو کردار بنالیا ہے
پاکستان کا قیام کروڑوں مسلمانوں کے اتحاد کا مظہر ہے
علامہ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی کا جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

رمضان المبارک برکتوں، عظمتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے، درجات کی بلندی اور آخرت کیلئے نیکیوں کے ذخیرہ کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ رمضان المبارک نیکیوں کا وہ موسم بہار ہے جس میں ریاضتوں کی نہ تھمنے والی برسات ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں پر کس درجہ مہربان ہے کہ پہلے تو اس نے ہمیں اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امتی بنایا پھر رمضان المبارک کا مہینہ عطا فرما کر ہماری مغفرت کا سامان کیا۔ مزید احسان عظیم یہ کیا کہ اس ماہ مقدسہ میں یہ عظیم مملکت خداد پاکستان عطا فرمایا۔ ان خیالات کا اظہارتحریک منہاج القرآن کے ناظم تربیت علامہ ڈاکٹرغلام مرتضیٰ علوی نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی ذات تو مسلسل کرم کر رہی ہے مگر ہم ہی بد نصیب ہیں جو ان اکرام سے محروم ہو جاتے ہیں۔ رمضان المبارک میں اللہ کریم کے انعام و کرام اور نوازشات کی انتہا ہے کہ کسی بھی اچھے عمل کا ثواب 70گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ یہ عظیم مہینہ مسلمانوں کو صبر و استقامت پر قائم رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو وجود عطا کرنے والی ملت اسلامیہ کو کس کس رسوائی سے دوچار نہیں کیا گیا۔ مظلوم عوام کو کس کس کرب سے نہیں گزارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب ان اپنوں کے ہاتھوں ہوا ہے جو رہبری کی بجائے راہزنی کرتے رہے ہیں۔ مفاد پرست عناصر گذشتہ 60 سالوں سے پاکستان کو بھڑیے اور گدھ بن کر نوچ رہے ہیں۔

غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے لاقانونیت، کرپشن اور بے ایمانی کو اپنا کردار بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک کی وحدت کو نقصان پہنچانے والوں کو یہ بات بھی نہیں بھولنی چاہیے کہ پاکستان کا قیام کروڑوں مسلمانوں کے اتحاد کا مظہر ہے اور یہ ملک بفضل تعا لیٰ قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top