زندہ قومیں اپنے طلبہ اور نوجوانوں کو مستقبل کا معمار سمجھتی ہیں: بابر علی

مورخہ: 12 اگست 2011ء

تحریک پاکستان میں مسلم نوجوان قائد اعظم محمد علی جناح کی سب سے بڑی طاقت تھے
تحریک پاکستان میں مسلمان نوجوانوں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا
انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے مقررین کا خطاب

کسی بھی ملک کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے طلبہ اور نوجوان ہوتے ہیں یہی سبب ہے کہ زندہ قومیں اپنے طلبہ اور نوجوانوں کو مستقبل کا معمار سمجھتی ہیں اور ان کیلئے قومی پیمانے پر تعلیمی سہولتوں کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ مقابلوں اور تفریحی لمحات کا اہتمام کرتی ہیں۔ انفرادی طور پر ہر ملک کے نوجوان اپنے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ لیکن اجتماعی طور پر بر صغیر کے مسلمان نوجوانوں نے تحریک پاکستان میں جو کارہائے نمایاں انجام دئیے تاریخ عالم میں ان کا جواب نہیں۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر چوہدری بابر علی نے انٹرنیشنل یوتھ ڈے کے موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار بعنوان "تحریک پاکستان میں نوجوانوں کا کردار" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نوجوانوں اور طلبہ کو بہت زیادہ چاہتے تھے۔ وہ نوجوانوں کی درخواست انتہائی مصروفیت کے باوجود ہمیشہ قبول کر لیتے تھے۔ بابر علی نے کہا کہ قائد اعظم نے نوجوانوں میں نئی روح پھونک دی تھی۔ تحریک پاکستان میں غریب نوجوان بھی تھے اور متوسط گھرانوں کے نوجوان بھی، لیکن آزادی کی تڑپ اور حصول پاکستان کی لگن ان سب کے سینوں میں برابر موجزن تھی۔

مرکزی سیکرٹری دعوت منہاج القرآن یوتھ لیگ طیب ضیاء نے کہا کہ تحریک پاکستان میں لاکھوں مسلم نوجوان قائداعظم محمد علی جناح کی سب سے بڑی طاقت تھے۔ حصول پاکستان میں نوجوانوں نے نمایاں کردار ادا کیا اور اب استحکام پاکستان میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں دو محاذوں پر کانگریس کو شکست فاش اٹھانا پڑی۔ قیادت کے محاذ پر قائد اعظم جیسا کوئی دماغ نہ تھا اور نوجوانوں کے محاذ پر جری، بے باک اور جان پر کھیل جانے والے نوجوان نہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ تحریک پاکستان میں مسلمان نوجوانوں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ قائد اعظم نے مسلمان نوجوانوں کی طاقت کو جس طرح منظم کیا اور جس انداز میں اسے منزل بہ منزل استعمال کیا اس کی مثال دنیا کی کسی بھی ملک کی تاریخ آزادی میں نظر نہیں آتی۔

تقریب سے منور جاوید، رانا شکیل، رانا سجاد نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top