تحریک منہاج القرآن لاہور عزیز بھٹی ٹاؤن کے زیراہتمام دروس عرفان القرآن کا پانچواں روز

مورخہ: 07 اگست 2011ء

تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور کے زیراہتمام اور روزنامہ الشرق کے تعاون سے 7 روزہ چوتھا سالانہ دروس عرفان القرآن کا پانچواں پروگرام مورخہ 7 اگست 2011ء بروز ہفتہ کو منعقد ہوا، جس میں خصوصی خطاب علامہ محمدافضال قادری نے کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری شفیق الرحمن نے حاصل کی جبکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول قاری امجد علی بلالی و برادران نے نچھاور کیے۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض ہاشم علی محتشم نے ادا کئے۔

علامہ محمد افضال قادری نے رمضان اور انفاق فی سبیل اللہ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سورۃ البقرہ میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد پاک ہے کہ اے ایمان والو تمہارے لیے رمضان کے روزے فرض کیے گئے جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تاکہ تمہیں تقوی نصیب ہوجائے۔ روزہ کا مقصد سارا دن بھوکا اور پیاسا رہنا نہیں ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ کچھ لوگوں کو روزہ رکھنے سے سوائے بھوک پیاس کے کچھ نہیں ملتا۔ روزہ کا مقصد تقویٰ اور احتساب کے ساتھ رمضان کے روزے رکھناہے۔ روزہ انسان کو درس دیتا ہے کہ تمام ناجائز کام چھوڑ دے مثلاً جھوٹ، فریب، دھوکہ اور سود وغیرہ غرض تمام ناجائز کام ترک کردے اسی کو احتساب کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو نماز پڑھتا ہے، زکوٰۃ دیتا ہے، حج کرتا ہے تو اللہ اس امرکے بدلے نعمتیں عطا کرتا ہے مگر جب انسان روزہ رکھتا ہے تو اللہ فرماتا ہے کہ اسے روزہ کی جزا میں نعمت نہیں نعمت والا ملتا ہے۔ فرمایا روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا اور مزید فرمایا روزہ دار کیلئے دو خوشیاں ایک تب ملے گی جب وہ افطار کرے گا اور دوسری تب ملے گی جب وہ اپنے رب سے ملے گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جب رمضان شروع ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ رمضان کی پہلی رات اپنے بندوں پر نظر رحمت فرماتا ہے۔ بھوک پیاس کی وجہ سے روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کو مشک سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ روزہ دار کیلئے فرشتے بخشش کی دن رات دعاکرتے ہیں۔ جنت کو حکم ہوتا ہے کہ سج جاؤ، سنور جاؤ، تیار ہو جاؤ کیونکہ جب روزہ دار تیرے اندر قدم رکھیں تو وہ سارے غم بھول جائیں۔ اگر بھوکے رہ کر بھی جھوٹ نہ چھوڑا، غیبت نہ چھوڑی، گناہ نہ چھوڑے تواس روزہ کا کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا نیکی کا مطلب یہ ہے کہ اللہ پرایمان ہو، نبیوں پر ایمان ہو، آخرت پر ایمان ہو، فرشتوں پر ایمان ہو، آسمانی کتابوں پر ایمان ہو اور نیکی یہ ہے کہ جب ایمان لے آئے تو اپنا مال اللہ کی راہ میں خرچ کرے۔ اللہ کے قریب پہلی نیکی یہ ہے کہ اللہ کی راہ میں اپنا مال خرچ کرو اللہ تعالیٰ نے سورہ آل عمران میں فرمایا۔ ۔ "تونیکی تک نہیں پہنچ سکتا جب تک اپنا محبوب مال اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ نہیں کرو گے اوراللہ جانتا ہے کہ تجھے محبوب مال کونسا ہے"۔ انسان جوں جوں اپنا مال خرچ کرتا چلا جاتا ہے تواللہ توں توں اسے تقویٰ عطا کرتا ہے۔ قرآن پاک میں ارشادہے کہ یہ وقت اچھا ہے یہ موسم اچھا ہے لہذا اپنے رب کو راضی کرلو اس کی راہ میں اپنا مال خرچ کر کے کیونکہ جب انسان اپنا مال خرچ کریگا تواللہ اس شخص سے راضی ہوگا یہ رمضان اللہ کو راضی کرنے کا موسم ہے۔ لہذا اس وقت سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔ جو سخی ہوتا ہے وہ اللہ کا محبوب ہے۔ بے شک وہ گنہگار ہی کیوں نہ ہو اور جو بخیل ہوتا وہ اللہ کا دشمن ہوتا ہے چاہے وہ عبادت کرنے والا ہی کیوں نہ ہو۔

تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن کی جانب سے پانچویں روز شیخ الاسلام ایوارڈ 2011ء پولیس اور تعلیم کے شعبہ جات میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے احباب کو دیئے گے۔ جن میں شعبہ پولیس سے تعلق رکھنے والے سید مظہر حسین شاہ جو بطور انسپکٹر کینٹ کے ایریا میں بڑی ایمانداری کیساتھ اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ جبکہ شعبہ تعلیم میں محمد اجمل جو کہ سٹی گورنمنٹ ہائی سکول ہربنس پورہ لاہور کے ہیڈ ماسٹر ہیں ان کی تعلیمی خدمات کی بناء پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن کے زیراہتمام 7 روزہ دروس عرفان القرآن کو کامیابی سے منعقد کروانے میں سپانسر شپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر محمد وسیم مغل (وسیم آئرن سٹور)، اسلم پرویز قادری (منہاج ٹائر سنٹر)، شیخ محمد حنیف (عثمان کلاتھ باغبانپورہ)، عمران رضا مغل (رمضان پلاسٹک ورکس)، محمد ندیم شریف (ایکسل مشینری)، محمد شبیر نصیر (نصیر آٹوز)، میاں ظہیر الدین بابر (سابقہ ناظم مناواں)، استاد محمد شاہد (پاک شیریں بیکرز)، مرزا محمد حنیف مغل (صابری سٹیل ملز)، محمد اخلاق نقشبندی (حبیب پارک)، محمد عامر محمود (داروغہ والا)، محمد اظہر (مصری شاہ)، محمد قاسم (مصری شاہ)، مہر محمد عاشق (چیئرمین المدد فری ڈسپنسری)، محمد انور (مرشد برادرز ٹائرز)، محمد ارشد (مرشد برادرز ٹائرز)، چوہدری محمد ندیم (ہال روڈ)، شہباز حسین قادری (پنجاب ڈرائی کلینرز) اور محمد خالد رفیق (ولید آئرن سٹور) کو سپانسرشپ ایوارڈ دیا گیا۔ قمراقبال (سیکورٹی انچارج) کو 7روزہ عرفان القران کی سیکورٹی کے شاندارانتظامات کرنے پرحسن کارکردگی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ محترمہ زاہدہ نور (صدر ویمن لیگ UC-43 عزیز بھٹی ٹاؤن) اور محترمہ سلمیٰ اسلم (صدر ویمن لیگ UC-44 عزیز بھٹی ٹاؤن) کوایک ماہ دورانیہ کے آئیں دین سیکھیں کورس کے شاندار انعقاد پرحسن کاکردگی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

دروس عرفان القرآن کے اختتام پر مسلم امہ کی بلندی کیلئے، ملکی سلامتی اور اسلام کی حفاظت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: محمد عرفان طاہر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top