قائد کے پاکستان کو لٹیروں سے آزاد کرا کے دم لیں گے: شیخ زاہد فیاض

مورخہ: 14 اگست 2011ء

پاکستان تو رہے گا مگر لٹیرے نہیں رہیں گے
اہل پاکستان اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں: ارشاد طاہر
تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام "جشن آزادی کارواں" میں ہزاروں افراد کی شرکت

سینکڑوں موٹر سا ئیکلوں اور گاڑیوں پر مشتمل تحریک منہاج القرآن لاہور کے "جشن آزادی کارواں" میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے یوم آزادی جوش و خروش سے منایا۔ آزادی کارواں مسلم ٹاؤن موڑ سے شروع ہو کر اچھرہ مزنگ اور گنگا رام ہسپتال سے ہوتا ہوا مسجد شہداء سے مال روڈ پر آ گیا۔ مال روڈ پر ہزاروں افراد نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔ کارواں ناصر باغ سے ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوا۔ ہزاروں افراد نے سبز ہلالی جھنڈے اور پاکستان عوامی تحریک کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصاویر کے پورٹریٹ بھی ریلی میں کثیر تعداد میں موجود تھے۔

آزادی کارواں کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کی جبکہ اس موقع پر لاہور کے دیگر عہدیداران بھی ٹرک پر موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے ناصر باغ کے قریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارواں میں شریک ہر فرد آزادی کی نعمت پر شکر ادا کرنے کے ساتھ یہ عہد کرنے نکلا ہے کہ قائد کے پاکستان کو لٹیروں سے آزاد کرا کے دم لیں گے۔ آج قائد کی تعلیمات سے انحراف کر کے پاکستان کو اغیار کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان تو رہے گا مگر لٹیرے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شعوری بیداری کی لہر پاکستان پر مسلط چند خاندانوں کو بہا لے جائے گی۔

امیر لاہور ارشاد طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ داتا کی نگری میں بسنے والوں نے آزادی کارواں میں شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ اہل پاکستان اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی ولولہ انگیز قیادت میں عوام کو حقوق حاصل کرنے کا شعور مل رہا ہے۔ بہت جلد ساری قوم حقیقی آزادی کی نعمت سے ضرور سرشار ہو گی۔ داتا صاحب پہنچ کر پاکستان کی سالمیت اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top