منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام فری بلڈ گروپنگ کیمپ
منہاج یوتھ لیگ نور پور، پاکپتن شریف کی تنظیمات نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے 24 جولائی 2011ء کو فری بلڈ گروپنگ کیمپ الفرید سکول سید وارث شاہ روڑ ملکہ ہانس میں لگایا گیا۔ لگایا، یہ کیمپ صدر منہاج یوتھ لیگ تحصیل نور پور رانا شکیل احمد کی رہنمائی میں منعقد ہوا جس کا باقاعدہ آغاز کلام الٰہی سے صبح نو بجے ہوا۔ کیمپ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کے علاوہ خواتین نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے کیمپ میں اپنے خون کے عطیات کے نمونے پیش کیے۔
علاقے بھر سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مادی دور میں بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو مفادات سے بالا تر ہو کر دوسروں کی فلاح و بہبود کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے منہاج ویلفئیر فاونڈیشن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ پاکپتن کے اس علاقے میں بلڈ کیمپ اس بات کا ثبوت ہے کہ منہاج القرآن عوامی و فلاحی منصوبہ جات میں بھی اپنا مؤثر نیٹ ورک رکھتی ہے۔ اس سلسلے کو مزید آگے بڑھانا ہوگا۔
مرکزی سینئر نائب ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افضال غوث نے ڈاکٹر رفیق احمد یاسر صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل نور پور اور محمد اجمل قادری پرنسپل منہاج سکول نورپور کے ساتھ کیمپ کا دورہ کیا۔ کیمپ میں آمد پر رانا شکیل احمد صدر MYL تحصیل نورپور، عمران علی شاہین صدر MYL ملکہ ہانس، ملک بلال صابر جنرل سیکرٹری MYL ملکہ ہانس، ملک محمد بلال صابر، ماسٹر مظہر حسین سمیت دیگر کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
کیمپ کے تفصیلی وزٹ کے بعد رانا شکیل احمد نے انہیں منہاج القرآن یوتھ لیگ کی جانب سے عوامی سطح پر ویلفیئر کے حوالے سے سرگرمیوں کی تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مرکزی و ذیلی سطح پر عوامی فلاح اور دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ بلا امتیاز سرانجام دے رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں منہاج یوتھ لیگ کی تنظیمات نے بلڈ ڈونرز سوسائٹیز قائم کی ہیں۔ جس کے ذریعے لاکھوں ایسے لوگوں کو رضائے الٰہی کے لیے خون کے عطیات دیے جائیں گے جو بروقت خون نہ ملنے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
کیمپ میں 245 مرد و خواتین نے وزٹ کیا جن میں سے 85 لوگوں نے فری بلڈ گروپنگ کروائی۔ تحصیل نور پور کی سطح پر اپنی نوعیت کا یہ پہلا کیمپ تھا جسے مقامی حلقوں نے بے حد سراہا اور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے بھی اس کو غیر معمولی کوریج دی۔
رپورٹ: ملک محمد بلال صابر (جنرل سیکرٹری منہاج القرآن یوتھ لیگ ملکہ ہانس)
تبصرہ