منہاج القرآن ویمن لیگ واہگہ ٹاؤن کے زیراہتمام دروس عرفان القرآن

مورخہ: 14 اگست 2011ء

منہاج القرآن ویمن لیگ واہگہ ٹاؤن کے زیراہتمام پانچ روزہ سالانہ عظیم الشان دروس عرفان القرآن کا انعقاد مورخہ 10 اگست 2011ء کو رحمت شادی ہال میں کیا گیا۔ جس میں ہزاروں خواتین شریک ہوئیں۔ ان دروس میں مختلف موضوعات پر محترمہ کلثوم طارق، محترمہ عائشہ شبیر اور محترمہ ارشاد اقبال نے پر مغز لیکچرز دیئے۔

دروس قرآن کی اختتامی تقریب مورخہ 14 اگست 2011ء کو منعقد ہوئی۔ جس میں ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔

ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت نے دروس قرآن کی اختتامی تقریب میں شریک ہزاروں خواتیں سے خطاب کیا اور واہگہ ٹاؤن کی تنظیم کو عظیم الشان پروگرامز کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے کہ قیامت کے روز روزہ اور قرآن دونوں بندہ کے لیے شفاعت کریں گے۔ روزہ کہے گا: اے میرے رب! میں نے اس شخص کو دن کے وقت کھانے (پینے) اور (دوسری) نفسانی خواہشات سے روکے رکھا پس تو اس شخص کے متعلق میری شفاعت قبول فرما۔ اور قرآن کہے گا: اے میرے رب! میں نے اس شخص کو رات کے وقت جگائے رکھا پس اس کے متعلق میری شفاعت کو قبول فرما۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: پس ان دونوں کی شفاعت قبول کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں کہ بے شک یہ قرآن اللہ تعالیٰ کا دسترخوان ہے۔ سو تم جتنی استطاعت رکھتے ہو اس میں سے لو، بیشک میں اس گھر سے بڑھ کر جس میں کتاب اللہ میں سے کوئی شے بھی نہ ہو کوئی ایسی چیز نہیں جانتا جو خیر سے خالی ہو۔ اور بے شک وہ دل جس میں کتاب اللہ میں سے کوئی چیز بھی نہیں ہے وہ ویران ہے بالکل اس ویران گھر کی طرح جس میں کوئی رہنے والا ہی نہیں ہے۔‘‘

ناظمہ ویمن لیگ نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن دراصل قرآن کی پکار ہے اور یہ قرآن کے تصور انقلاب کا درس دیتی ہے۔ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسی تصور قرآن کے پیش نظر بیداری شعور کا پیغام عام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم کرپشن میں غرق ہو چکی ہے، ہم اپنی ذات سے بھی مخلص نہیں رہے۔ دھوکہ اور فراڈ پوری قوم کا نشان امتیاز بن چکا ہے۔ ایسے حالات میں قرآن فہمی اور سیرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنائے بغیر ہم اس اندھیری گلی سے باہر نہیں نکل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا کے مسلمانوں کو اسلام کی حقیقی شکل دیکھانے میں مصروف ہیں۔

آخر میں منہاج القران ویمن لیگ واہگہ ٹاؤن کی پوری تنظیم جن میں محترمہ قرۃ العین فاطمہ، محترمہ حافظ رخسانہ اسلم، محترمہ ثناء حفیظ، محترمہ روبی بابر، محترمہ عاصمہ صغیر، محترمہ راحیلہ شاہد محمود، محترمہ عائشہ امتیاز اور محترمہ سعدیہ اسلم شامل ہیں، کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی اور بہترین کارکردگی کی بنا پر ان میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔ علاوہ ازیں uc's اور unit لیول تک کی تنظیمات نے انتھک کاوشوں اور بھرپور جذبہ و جانفشانی سے دروسِ قرآن کے اس تسلسل کو نہ صرف جاری رکھا بلکہ ہر سال کی طرح امسال بھی کامیابی سے ہمکنار کروایا۔

اختتامی تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی عمرے کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔ جس کے بعد محترمہ سمیرا رفاقت نے خصوصی دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top