منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیر اہتمام 24 ستمبر 2011 کو امن برائے انسانیت کانفرنس منعقد ہوگی

مورخہ: 20 اگست 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ نے مغربی دنیا کے مسلمانوں اور غیر مسلموں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قابل رشک اور سراپا امن و محبت شخصیت سے متعارف کروانے کے حوالہ سے ’’محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمۃ اللعالمین، امن برائے انسانیت کانفرنس‘‘ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ویمبلے ایرینا لندن میں مورخہ 24 ستمبر 2011ء کو ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات کو موجودہ دور میں امت مسلمہ اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان ہم آہنگی پید اکرنے اور امن ومحبت کو پروان چڑھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی، الہدایہ یوتھ کیمپ کے سربراہ ڈاکٹر زاہد اقبال اور علامہ اشفاق عالم قادری نے گذشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں منہاج القرآن کے سربراہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے علاوہ الشیخ حسن محی الدین قادری، شام کے عظیم مذہبی لیڈر الشیخ اسد محمد الساغرجی، الازہر یونیورسٹی مصر کے سابق چانسلرالشیخ ڈاکٹر احمد عمر ہاشم، مصر کے الشیخ ڈاکٹر عبدالفدیل القاوسی، معروف برطانوی سکالر الشیخ عبدالحکیم مراد، سوڈان کے الشیخ احمد بابکر، امریکی معروف سکالرالشیخ محمد التوو، آرچ بشپ آف کنٹری بری ڈاکٹر رووان ولیمز، رائل ایئر فورس کالج برطانیہ کے ڈین ڈاکٹر جوئیل ہیورڈ، امریکی یونیورسٹی میں مذہبی شعبہ کے سربراہ پروفیسر جان ایسپوسٹو سمیت معروف انگلش و عربی نعت خواں میست کیرٹس اور نامور سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات شرکت اور خطاب کریں گی۔

علامہ محمد افضل سعیدی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خود حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سارے جہانوں اور تمام انسانیت کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ان کی زندگی اور شخصیت نہ صرف امن ومحبت کی عظیم مثال ہے بلکہ روشن خیالی، اعلیٰ نظام زندگی اور تہذیب و ثقافت کی معمار بھی ہے لیکن بدقسمتی سے اس تمام کے باوجود بعض وجوہات کی بنا پر انسانیت کی بڑی تعداد یا تو آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اور ان کے کام سے ناواقف ہے یا ان تک اس عظیم شخصیت کے کارناموں کی ناقص معلومات پہنچی ہیں۔ اس کانفرنس میں منہاج القرآن نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بات چیت کرنے کے لئے دنیا بھر سے عالمی شہرت کی حامل شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے جہاں تقریبا بیس ہزار مرد و خواتین جامع معلومات کے ساتھ لیس ہو کر دنیا بھر میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت کے حوالہ سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کواپنے مثبت کرداروں کے علاوہ علمی اور مباحثوں کی صورت میں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ ڈاکٹر زاہد اقبال نے بتایا کہ یہ کانفرنس گذشتہ کئی سالوں سے الہدایہ کیمپ کے زیر انتظام منعقدکئے جانے والے یوتھ ٹریننگ کیمپس اور کانفرنسوں کا تسلسل ہے جن کے ذریعے امن، محبت، برداشت اور روادری کی تعلیمات کا پرچار کرہی ہے۔علامہ محمد اشفاق عالم قادری نے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی امریکہ، کینڈا اور آسٹریلیا میں گذشتہ مہینوں میں منعقدہ اہم کانفرنسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جس طرح وہ اسلام اورامت مسلمہ کی مشکلات کا دنیا بھر میں مقدمہ لڑ رہے ہیں اور نوجوانوں کے اخلاق کو سدھارنے کی جدوجہد کر رہے ہیں وہ اسلام اور دیار غیر میں مکین مسلمانوں کی قابل تحسین خدمت ہے۔

رپورٹ: مرزا آفتاب بیگ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top