تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف 2011ء کا پہلا دن

مورخہ: 22 اگست 2011ء

اعتکاف کے پہلے روز مؤرخہ 22 اگست 2011ء کو بعد از نماز فجر تزکیہء نفس، فہم دین، اصلاح احوال، توبہ اور آنسوؤں کی بستی، تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں شریک ہزاروں معتکفین و معتکفات سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خصوصی خطاب فرمایا۔ آپ نے حقائق تصوف اور طرائق معرفت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصوف و احسان بنیادی طور پر نہ تو خالی ذکر و اذکار کا نام ہے اور نہ مخصوص طور و اطوار کا، ان میں سے بعض چیزیں اس کی فروع ہیں، جبکہ دوسری بعض چیزیں خرافات و بدعات ہیں۔ اصل تصوف تو انسان میں بنیادی سطح پر ایسی روحانی تبدیلی پیدا کرتا ہے جو اس کے جملہ اخلاق اور خصلتوں کو بدل ڈالے اور انسان مکارم اخلاق اور روحانی اقدار کا پیکر بن جائے۔ یہی خصلتیں اور بنیادی اخلاق سلوک و روحانیت کے باغ کے لئے زمین کا کام دیتے ہیں۔

برطانیہ سے براہ راست ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شہر اعتکاف میں شریک ہزارہا خواتین و حضرات سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطابات فرما رہے ہیں، جو منہاج ٹی وی ویب سائٹ www.Minhaj.tv کے ذریعے دنیا بھر میں براہ راست نشر بھی کئے جا رہے ہیں۔ یہ خطابات حسب معمول اعتکاف کے دس دن نماز فجر کے بعد اور نماز تراویح کے بعد ہو رہے ہیں۔ طاق راتوں میں محافل قرات و نعت بھی ہو رہی ہیں۔ یاد رہے کہ شہر اعتکاف میں ہونے والی جملہ محافل قرات و نعت اور خطابات منہاج ڈاٹ ٹی وی کے ذریعے براہ راست نشر ہوتے رہیں گے۔


تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top