ایم ایس ایم ضلع راولپنڈی کی تنظیم نو

مورخہ: 14 اگست 2011ء

14 اگست 2011ء یوم پاکستان کے موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام افطار ڈنر اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راولپنڈی کی تنظیم نو کا پروگرام ضلع راولپنڈی کے مرکزی دفتر چاندنی چوک میں منعقد ہوا۔ جس میں ایم ایس ایم تحصیل و ضلع راولپنڈی کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ اس موقع پر امیر تحریک ضلع راولپنڈی مرزا محمد آصف نے نو منتخب طلبہ سے حلف لیا۔ اس نشست کی صدرات امیر تحریک ضلع راولپنڈی مرزا محمد آصف نے کی، جبکہ تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کی جانب سے ضلعی ناظم محمد سہیل عباسی اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ضلعی صدر محمد سعید راجہ نے خصوصی طور پر اس افطار ڈنر میں شرکت کی۔ اس ڈنر میں طلبہ کی کثیر تعداد کو بھی مدعو کیا گیا تھا، ایم ایس ایم اسلام آباد کی نمائندگی مرزا محمد قاسم اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طرف سے وفد عبد العمار منعم (صدر ایم ایس ایم) کی قیادت میں آیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت اور نقابت کے فرائض محمد اشتیاق، جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت عمر رؤف نے حاصل کی۔ سب سے پہلے کامران متین (صدر ایم ایس ایم راولپنڈی) نے تمام معزز مصطفوی مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی ناظم محمد سہیل عباسی نے کہا کہ ضلعی تحریک کی جانب سے آپ کو ہر قسم کی مکمل تائید اور حمایت حاصل رہے گی۔ اس کے علاوہ آئندہ ماہ اکتوبر میں ہونے والے بیداری شعور طلبہ اجتماع کے لئے بھی تمام پی پی حلقہ جات کو اپنے اپنے علاقوں سے طلبہ کو اجتماع میں جانے کے لئے سپورٹ کیا جائے گا۔ اس موقع پر امیر تحریک ضلع راولپنڈی مرزا محمد آصف نے خطاب کرتے ہوئے تمام طلبہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ طلبہ کسی بھی تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں۔ آپ تحریک کا مستقبل ہیں، یہ اللہ کا کرم ہے کہ اس نہ آپ کو اور مجھے اس دور پُر فتن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سنگت عطا کی۔ آج کے دن ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہے کہ اس سال میں ہمیں دن دگنی رات چگنی محنت کر کے ہر کالج، یونیورسٹی میں ایم ایس ایم کا کام کرنا ہے اور اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے تاکہ مصطفوی انقلاب کی فکر ہر طالب علم تک پہنچ جائے اور اس مصطفوی انقلاب کا سویرا جلد طلوع ہو جس کے لیے لوگوں کے اندر بیداری شعور کو بپا کرنا ہوگا۔

آخر میں مرکزی نائب صدر محمد عرفان یوسف نے نو منتخب طلبہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ مادیت کے اس دور میں جب آج ہم اس ملک کا 65 واں یوم آزادی منا رہے ہیں تو ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں؟ اور ہم نے اپنا سفر کس سمت کرنا ہے؟ اس ملک کو قائد اعظم کے بعد چور، ڈاکو اور لیٹرے حکمران ملے جن کی نسلیں آج تک اس ملک کو باپ کی جاگیر سمجھ کر عیاشی کر رہی ہیں اور یہاں چپڑاسی اور کلرک کے لئے تعلیم ضروری ہے جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ممبر بننے کی اہلیت کیلئے صرف چور، ڈاکو، سرمایہ دار، جاگیردار، دہشت گرد ہونا میرٹ رہ گیا ہے، کوئی شریف آدمی اس نظام میں الیکشن لڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ یہ سسٹم ان لیٹروں کو تحفظ دیتا ہے اور یہ لیٹرے اس نظام کو، جبکہ ساری قوم کا ضمیر مردہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بیداری شعور کے عنوان سے مصطفوی طلبہ کو اس قوم کے مردہ ضمیر کو جگانے لئے سخت محنت کرنے کا حکم دیا اور کہا ہے کہ جب تک لوگوں کا شعور بیدار نہیں ہوگا، اس وقت تک یہ قوم غلامی کی زنجیروں میں جکڑی رہے گی۔ اکتوبر 2011ء میں ہونے والے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے بیداری شعور طلبہ اجتماع میں پورے ملک سے طلبہ کے قافلے جوق در جوق شریک ہونگے اور یہ اجتماع وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اس ملک کو بنانے میں بھی طلبہ پیش پیش تھے اور آج اس کو بچانے کے لئے بھی سر دھڑ کی بازی لگا دینگے۔

ایم ایس ایم ضلع راولپنڈی کی نئی تنظیم کے ذمہ داران

کامران متین (صدر)

صدام عزیز (جنرل سیکرٹری)

حافظ محمد اشتیاق (انفارمیشن سیکرٹری)

ایم ایس ایم تحصیل راولپنڈی کے نئے عہدیداران

منصور خان نیازی (صدر)

محمد عمران (سینئر نائب صدر)

لقمان یعقوب (سینئر نائب صدر)

سید سفیر شاہ گیلانی (سینئر نائب صدر)

صیاب احمد عباسی (جنرل سیکرٹری)

طاہر ہزاروی (ڈپٹی جنرل سیکرٹری)

ارسلان جدون (سیکرٹری کالجز)

اویس فرید (سیکرٹری دعوت)

اجلاس کے آخر میں خالد اعوان نے دعائے خیر سے پروگرام کا اختتام کیا۔

رپورٹ : حافظ محمد اشتیاق، انفارمیشن سیکرٹری MSM ضلع راولپنڈی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top