منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے زیر اہتمام روحانی اجتماع میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی شرکت

مورخہ: 13 اگست 2011ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے زیر اہتمام مورخہ 13 اگست 2011 بروز ہفتہ کو ملائیشیا کے مشہور شہر کوالالمپور میں ایک عظیم الشان روحانی اجتماع بصورت قیام الیل منعقد ہوا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی وسرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خصوصی شرکت کی۔

منہاج ایشین کونسل کے امیر محمد جمیل چودھری ساوتھ ، منہاج ایشین کونسل کے صدر علی عمران، منہاج ایشین کونسل کے نائب صدر محمد سلیم قادری، ایشیئن کونسل کے سیکرٹری جنرل امجد نیاز، منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے صدر مردان علی قادری، منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے صدر سید ناد علی، ہانگ کانگ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ نسیم نقشبندی، منہاج القرآن انٹرنیشنل بنگلہ دیش کے امیر صوفی میزان الرحمان، سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی ۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہو جس کی سعادت حافظ محمد تنویر حسین شاہ نے کیا نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مردان علی قادری نے پیش کی جبکہ محمد نعمان صدیقی نے نقابت کے فرائض ادا کئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور شہزادہ غوث الورایٰ سید عفیف الدین القادری بغدادی الگیلانی کے علاوہ سٹیج پر دیگر قائدین منہاج القرآن موجود تھے۔

پروگرام میں خصوصی خطاب کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے امیر محمد سلیم قادری نے انتہائی خوبصورت اور وجدانی انداز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو خطاب کی دعوت دی۔ شیخ الاسلام نے اپنے خطاب کے لئے ’’محبت ‘‘ کے موضوع کو چنا اور اس پر سیر حاصل گفتگو کی۔ آپ کی گفتگو میں جہاں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا سبق مل رہا تھا وہیں اپنی نفسانی خواہشات کو اللہ رب العزت کی اطاعت اور محبت رسول کے طابع کرنے کی تعلیمات بھی دی جارہی تھیں۔ شیخ الاسلام کے خطاب کے دوران ہر آنکھ پرنم تھی۔ خطاب سحری تک جاری رہا۔سحری سے قبل پروگرام کے اختتام پر سید عابد علی گیلانی نے درود وسلام پڑھا اور شیخ الاسلام نے خصوصی دعا کرائی۔

مورخہ 14 اگست بروز اتوار ماجھو ٹاور میں منہاج ایشیئن کونسل کی جانب سے ایک خصوصی کانفرنس کا انعقاد ہوا ہے جس میں مختلف ممالک سے (انڈیا، جاپان، ساؤتھ کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان، بنگلہ دیش، ملائیشیا، سنگا پور ) سے تشریف لائے وفود کی شیخ الاسلام سے خصوصی ملاقاتیں کروائی گئیں۔منہاج ایشیئن کونسل کے صدر علی عمران نے علیحدہ علیحدہ وفود کا تعارف کرایا اور ان ممالک کے تنظیمی نیٹ ورک کی رپورٹ پیش کی۔ شیخ الاسلام نے ہر وفد سے تفصیلی ملاقات کی اور ان کو تنظیمی امور پر تربیت کے ساتھ خصوصی دعائیں دیں۔

رپورٹ:ظفر اقبال قادری

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top