کراچی میں جاری سیاسی مفادات کی جنگ میں عوام کا جان، مال اور عزت ایندھن کے طور پر استعمال ہو رہا ہے: شیخ زاہد فیاض
پاکستان کی موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال بڑے فیصلوں کا تقاضہ کررہی ہے
تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری سیاسی مفادات کی جنگ میں عوام کا جان مال اور عزت ایندھن کے طور پر استعمال ہورہا ہے۔ سپریم کورٹ کراچی کی صورتحال کے تناظر میں ایسا ٹھوس اور واضح فیصلہ دے جو پاکستان کی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ جانیوالے حالات کو خوشحالی اور سکون میں بدل دے۔ سیاسی پارٹیوں کے مفادات نے ملکی اور عوامی مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ سیاسی کارکن اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرتے ہوئے ایسی ظالم پارٹیوں سے لا تعلقی کا اعلان کر کے ملک کو گرداب سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک بہاولپور کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
شیخ زاہد فیاض نے کہاکہ عدلیہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے کردار کو سدھارنے کیلئے بنیادی اقدامات کرے۔ موجودہ انتخابی نظام فساد کی اصل جڑ ہے اس سے نجات حاصل کئے بغیر عوامی مفادات کا تحفظ کرنے والی پارلیمنٹ تشکیل نہیں دی جاسکتی اس لئے عوام تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں۔
شیخ زاہد فیاض نے کہاکہ پاکستان کی موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال بڑے فیصلوں کا تقاضہ کررہی ہے اور اس میں عوام کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہے۔ اداروں کے استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا اس لئے سیاسی شخصیات کی بجائے پارٹیوں کو مضبوط بنایا جائے اور وننگ ہارسز کے کلچر کو ختم کر دیا جائے۔ ووٹ منشور کے مطابق ڈالے جائیں، موجودہ انتخابی نظام میں ووٹ ڈالنا قومی جرم ہے کیونکہ یہ ملک کے 3 فیصد طبقے کا محافظ ہے، 97 فیصد عوام کے حقوق سے کھیلنا موجودہ نظام میں سیاستدانوں کا مشغلہ ہے۔ اس لئے عوام اپنے ووٹ کی طاقت کو ایسے لوگوں کے حق میں استعمال نہ کریں جنہوں نے اسمبلی میں جا کر عوامی حقوق سے ہولی کھیلنی ہے اور ذاتی اور خاندانی مفادات کے تحفظ کا گھناؤنا جرم کرنا ہے۔
تبصرہ