چھ مذاہب کے رہنماء کل لندن میں ہونے والی امن برائے انسانیت کانفرنس میں شرکت کریں گے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری "محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت عالم" کے موضوع پر خصوصی خطاب کریں گے
کانفرنس میں 15 ہزار سے زائد افراد شرکت کریں گے

چھ مذاہب کے رہنماء تحریک منہاج القرآن کے تحت ویمبلے ایرینا لندن میں ہونیوالی امن برائے انسانیت کانفرنس میں امن کی دعا میں شرکت کریں گے۔ لندن کی تاریخ میں مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے ہونیوالے سب سے بڑے اجتماع میں دنیا بھر سے معروف سکالرز شرکت کر کے دنیا کو امن کا آفاقی پیغام دیں گے۔ کانفرنس میں 15 ہزار سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری "محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت عالم" کے موضوع پر خصوصی خطاب کریں گے۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام کے مطابق کانفرنس میں مسلم، مسیحی، یہودی، ہندو، سکھ اور بدھ مت کے رہنماء شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی کارروائی minhaj.tv اور Q tv کے ذریعے پوری دنیا میں براہ راست دیکھی جائے گی۔ اس طرح بالواسطہ طور پر دنیا کے کروڑوں افراد کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ امریکہ، فرانس، ڈنمارک، ناروے، ہالینڈ، جرمنی، سوئیٹرز لینڈ، یورپ، خلیجی ممالک اور یو کے کے مختلف شہروں سے نوجوان بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کی ویمبلے کانفرنس کا مقصد دنیا کے تمام مذاہب کے پُر امن لوگوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ قیام امن کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر عملی کردار ادا کریں، میدان عمل میں نکلیں، کیونکہ امن تبھی ممکن ہو گا جب اس کیلئے کوششیں رنگ و نسل اور مذہب سے ماورا ہو کر انسانیت کو بچانے اور اسے دائمی امن کا ماحول دینے کیلئے کی جائیں گی۔ لندن شہر اس کانفرنس کے حوالے سے پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top