قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ابھی تک بنیادی انفراسٹرکچر تک نہیں بنا جو قابل افسوس امر ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

حکومت ایسا ادارہ تشکیل دے جہاں متاثرہ بچوں کی تعلیم کی تکمیل تک مکمل سہولیات میسر ہوں
زلزلہ سے متاثرہ بچوں کیلئے بنائے جانے والے ادارہ آغوش میں ہونیوالی ایک دعائیہ تقریب میں کینیڈا سے ٹیلیفونک گفتگو

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 2005ء میں آنے والے زلزلہ نے وہاں زندگی کو ابھی تک نارمل نہیں ہونے دیا، ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت سمیت فلاحی اداروں کو حرکت میں آنا ہو گا۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ابھی تک بنیادی انفراسٹرکچر تک نہیں بنا، جو قابل افسوس امر ہے۔

وہ گذشتہ روز زلزلہ سے متاثرہ بچوں کیلئے بنائے جانیوالے ادارہ آغوش میں ہونیوالی ایک دعائیہ تقریب میں کینیڈا سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری، آغوش کے سربراہ صفدر محمود، احمد نواز انجم، قاضی فیض الاسلام اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی اور مقامی فلاحی اداروں کو متاثرہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ایک ایسا ادارہ تشکیل دینا چاہیے جہاں انکی تعلیم کی تکمیل تک مکمل سہولیات میسر ہوں۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آغوش میں پرورش پانیوالے بچے میری اولاد ہیں اور ہم نے کوشش کی ہے کہ ان کو اپنے پیاروں کی کمی محسوس نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہیں جہاں کوئی بنیادی سہولتوں سے محروم نہ ہو۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے منصوبہ جات غریب طبقوں کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top