بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ مجبور اور غربت میں پسے عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کے مترادف ہے

ہر دس دن بعد بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنا ہے
تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بجلی کے نرخوں میں تسلسل سے اضافے سے عوام کو ناصرف بلوں کی مد میں بوجھ برداشت کرنا پڑرہا ہے بلکہ بجلی مہنگی ہونے سے مہنگائی کا طوفان بھی سونامی بن چکا ہے جس کا سامنا کرنے کی جسارت اب غریب تو کیا متوسط طبقہ بھی نہیں کرپا رہا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ مجبور اور غربت میں پسے عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کے مترادف ہے جو سراسر نا انصافی اور عوام دشمنی کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے فیروز پور روڈ مسلم ٹاؤن چوک میں پاکستان عوامی تحریک لاہور اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام بجلی کے نرخوں میں اضافے اور ہوشرباء مہنگائی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مظاہرے میں شریک سینکڑوں افراد نے مختلف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بجلی کے نرخوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے جبکہ نوجوانوں نے گلے میں روٹیاں اور زنجیر ڈال کر مظاہرہ میں حصہ لیا۔

چوہدری افضل گجر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت بجلی کے نرخ جو پہلے ہی ناقابل برداشت ہیں ان میں مزید اضافہ کرنے کی بجائے کمی کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے کیونکہ بجلی عوام کی پہنچ سے دور کرنے کا مطلب زندگی درہم برہم کرنا ہے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران حکومت نے بجلی کی قیمت میں تقریباً 60 فیصد اضافہ کیا ہے جبکہ صورتحال یہ ہے کہ ذرائع آمدنی میں اضافے کی بجائے مسلسل کمی ہورہی ہے۔ ایسے میں بجلی کے نرخوں میں ناروا اضافہ عوام کا جینا دو بھر کردے گا۔ حکومت فوری طور پر بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے کیونکہ موجودہ صورتحال میں عوام بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی متحمل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہر دس دن بعد بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کو زندہ درگور کرنا ہے۔ مظاہرین نے بجلی کے نرخوں میں اضافے اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری واپس لے اور بڑھتی ہو ئی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔ احتجاجی مظاہرے سے حافظ غلام فرید، حفیظ اللہ جاوید، ثنااللہ خان نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top